عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں ضلع کے آر ایس پورہ میران صاحب علاقے میں کے ایک ملزم کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا گیا ہے ۔حکام نے بتایا کہ مجرم کی شناخت کلبیر بھگت عرف رنکو کمار ولد بھوشن لال سکنہ لنگوٹیاں، میران صاحب تحصیل آر ایس پورہ، ضلع جموں کے طور پر کی گئی ہے جبکہ اس کے خلاف منظم طریقے سے مجرمانہ سرگرمیوں میں مسلسل ملوث ہونے پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ملزم نے سب ڈویژن آر ایس پورہ کے مختلف تھانوں میں درج متعدد ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہو رہا تھا اور متعدد امرتبہ انتباہ جاری کئے جانے کے بعد بھی وہ مذکورہ سرگرمیوں سے باز نہیں آرہا تھا ۔مجرم کو پولیس نے متعدد مقدمات میں گرفتار کیا لیکن ٹھوس قانون اُسے قابو کرنے کے لئے کافی نہیں تھا، اور اس نے اپنی مجرمانہ سرگرمیاں جاری رکھی، جس سے بڑے پیمانے پر عوام کے لئے ایک بڑا خطرہ بن گیا تھا اوراس سے امن عامہ کو درہم برہم کرنے کا خدشہ تھا۔ملزمان کی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ جموں کے حکم پر ملزم کو پبلک سیفٹی ایکٹ کی دفعہ 8کے تحت حراست میں لینے کا حکم دیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ مجرموں کے خلاف کارروائی جموں و کشمیر پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کا مقصد نہ صرف بدنام زمانہ مجرموں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرنا ہے بلکہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے احتیاطی اقدامات بھی شامل ہیں۔