عظمیٰ نیوزسروس
جموں//پولیس سربراہ آر آر سوین نے ملک کی سالمیت کی خاطر اپنی جان قربان کرنے والے اور دوران ملازمت فوت ہونے والے15 پولیس اہلکاروں وایس پی اوز کے کنبوں کی مالی معاونت کی غرض سے 3کروڑ64لاکھ روپے کی واگزاری منظوری دی۔ 22لاکھ روپے فی کس کی سپیشل ویلفیئر ریلیف ڈی وائی ایس پی ہمایوں مزمل بٹ ،ہیڈکانسٹیبل غلام محمداورہیڈکانسٹیبل فیاض احمد کے پسماندگان کے حق میں منظور کئے جو مختلف جھڑپوں میں اپنے جانوں کی قربانیاں پیش کرگئے۔اسی طرح سپیشل ویلفیئر ریلیف مبلغ 22لاکھ روپے فی کس متوفی ایس آئی دھرم پال،اے ایس آئی نثاراحمد،اے ایس آئی مہیش چندر،اے ایس آئی محمدرفیق ،ایچ سی سیتارام،ایچ سی محمدمقبول،ایچ سی سلیم خان،سارجنٹ محمدصادق،سارجنٹ عبدالحمید،سارجنٹ منوج کمار،سپاہی محمدیونس،انشوشرمااور فالورمحمدمقبول کے پسماندگان کے حق میں منظور کئے گئے۔یہ اہلکار بیماری یاطبی موت دوران ڈیوٹی پاگئے تھے۔ایک لاکھ روپے فی کس ان کے حق میں پہلے ہی واگزار کئے گئے تھے تاکہ ان کے آخری رسومات کو اداکیاجائے۔پولیس سربراہ نے ایس پی اوغلام تیلی اور غلام محمدجوڈیوٹی کے دوران فوت ہوئے تھے،کے پسماندگان کے حق میں فی کس6لاکھ روپے منظور کئے گئے۔ان کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے قبل ہی فی کس50ہزار روپے واگزار کئے گئے تھے۔