جموں//قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے سنجون فوجی کیمپ پر ہوئے حملے کے بعد کئی ارکان کی طرف سے ایوان میں قابل اعتراض بیانات کو حذف کر دیا ۔سنیچر کی صبح جوں ہی اسمبلی کی کاروائی شروع ہوئی تو ارکان نے پارٹی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے بیان دئیے جانے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران حز ب اقتدار اور حز ب اختلاف سے تعلق رکھنے والے ارکان نے الزامات اور جوابی الزامات لگائے اور کچھ ارکان کے مابین گرم گفتاری بھی ہوئی۔تاہم سپیکر موصوف نے بعد میں قابل اعتراض بیانات کو خارج کیا اور ایوان نے با اتفاق رائے ممبران پر زور دیا کہ وہ حساس معاملات پر قابل اعتراض بیان بازی سے احتراز کریں۔ایوان نے اس بات سے بھی اتفاق کیا کہ ناکافی اتفاق والے بیانات عوامی مفادات کی خاطر کسی بھی ذریعے سے عوامی حلقوں میں نہیں جانے چاہیئے۔