جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی پنچایت نڑول میں کچھ عناصر کی سرگرمیوں نے علاقہ کے لوگوں اور سرکاری ملازمین کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کہ چند عناصر پنچایت کے کاموں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں اور ملازمین کو ہراساں کر کے غیر قانونی بل تیار کروانے کی کوشش کر رہے ہیں۔پنچایت کے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ عناصر نہ صرف ملازمین کو پریشان کر رہے ہیں بلکہ عام شہریوں کو بھی ہراساں کر کے پنچایت میں کام رکوا رہے ہیں۔ ایک مقامی شخص نے بتایا’’یہ لوگ پنچایت میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں رخنہ ڈال رہے ہیں، جو کہ ناقابل برداشت ہے۔ ہم نے کئی بار انہیں برداشت کیا ہے لیکن اب معاملہ حد سے بڑھ چکا ہے۔ اگر یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو ہم احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے‘‘۔علاقہ کے مکینوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کو بلاوجہ پریشان کیا جارہا ہے اور پنچایت کے ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے ۔لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس طرح کے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ علاقے میں امن و امان بحال ہو سکے اور پنچایت کے کام متاثر نہ ہوں۔عوام کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے پنچایتوں کے لئے کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں تاکہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات میسر ہوں، لیکن کچھ عناصر کی وجہ سے لوگ ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے سے محروم ہو رہے ہیں۔اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام اور تفتیشی ایجنسیوں سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان عناصر پر فوری لگام کَسی جائے تاکہ پنچایت کے کام متاثر نہ ہوں اور ملازمین بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دے سکیں۔