مبینہ ملزم کی گرفتاری کے بعد خواتین کا احتجاج

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے ہرنی علاقہ میں پولیس سٹیشن گرسائی کی ایک ٹیم کی جانب سے ایک معاملہ میں مبینہ طورپر مطلوب ملزم کی گرفتاری کے بعد خواتین نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پتھرائو کیا ۔اس پتھرائو کے دوران کچھ دکانوں و ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ۔مظاہرین نے ایک گھنٹے تک ہرنی سرنکوٹ سڑک پر گاڑیوں کی آمد ورفت بند رکھی ۔انہوں نے الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ پولیس نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس پر کوئی بھی مقدمہ ہی درج نہیں ہے ۔دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ کچھ دن قبل دو گروپوں کے مابین لڑائی ہوئی تھی جس پر ایک کیس درج کیاگیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گروپ کے لوگوں کیخلاف دو معاملات درج ہیں تاہم ایف آئی آر نمبر 74/2022زیر دفعات 307،382،341،504،506،147آئی پی سی کے تحت کارروائی کے دوران گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ایک لڑائی کچھ د ن قبل ہوئی ہے جبکہ دوسری ایک دن پہلے ہوئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ملزم کو ضمانت مل گئی تھی لیکن دوسری ہی روز جج نے ضمانت منسوخ کر دی جس کے بعد پولیس نے کارروائی عمل میں لائی ہے ۔ پولیس کی مداخلت کے بعد گاڑیوں کی آمد ورفت بحال کروائی گئی ۔اس سلسلہ میں دکانداروں کی جانب سے پولیس سٹیشن میں ایک دراخوست بھی درج کروائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان کی دکانوں کا نقصان کردیا گیا ہے ۔