جموں//دیہی ترقیاتی اور پنچایتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے ہائیر سکینڈری سکول سنجواں میں لیبارٹری بُلاک اور اضافی کلاس روموں کے تعمیر ی کام کا معائینہ کیا۔ وزیر کے ہمراہ محکمے کے ڈائریکٹر آر ۔ کے بٹ ، اے سی ڈی جموں اور دیگر سینئر افسران تھے۔وزیر نے کام کی رفتار میں سرعت لاکر اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ کنورجنس کے تحت 68 لاکھ روپے کی لاگت سے لیبارٹری بلاک کے تعمیر ی کام کے معائینے کے دوران اُنہوں نے مذکورہ کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر نے 57 لاکھ روپے کی لاگت والے اضافی کلاس رومز کے کام کا معائینہ کرنے کے علاوہ لائبریریوں ، لیبارٹریوں ، سمارٹ کلاس رومز کا دورہ کیا اور طلباء اور اساتذہ سے بات کی ۔ انہوں نے سکول کو ایک بہترین سکول بنانے کے لئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی دی۔وزیر نے کہا کہ منریگا کے تحت دیہی علاقوں میں سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ نے سکول کے لئے کھیل میدان ، دیوان ، پارکنگ اور ڈرنیج سہولیت بھی قائم کی ہے۔