نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے مہاراشٹر کے ضلع گڑھ چرولی میں پولیس کی ایک ٹیم پر ماؤنواز کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا۔مسٹر مودی نے ٹویٹ کیا،‘گڑھ چرولی میں ہمارے سکیورٹی اہلکاروں پر بزدلانہ حملے کی میں سخت مذمت کرتا ہوں۔ میں بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو سلام کرتا ہوں۔ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ متاثرہ خاندانوں کے تئیں افسوس اور تعزیت۔ اس حملے کے مجرموں کو بخشا نہیں جائے گا’۔مسٹر سنگھ نے کہا کہ ماؤنوازوں نے مایوسی میں یہ بزدلانہ حملہ کیا ہے ۔ ہمیں اپنے جوانوں کی بہادری پر فخر ہے ۔ ملک کی خدمت میں ان کی اعلیٰ قربانی اکارت نہیں جائے گی۔ متاثرہ خاندانوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا،’میں نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے اس حملے کے بارے میں بات کی ہے اور بہادر پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ ہم ریاستی حکومت کی ہرطرح کی مدد دے رہے ہیں اور وزارت داخلہ صورتحال پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے ’۔ قابل ذکر ہے کہ ماؤنوازوں نے آج صبح ریاستی پولیس کی ایک گاڑی پر شدید دھماکہ کرکے حملہ کر دیا جس میں 16 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ یو این آئی