عظمیٰ نیوزسروس
حیدرآباد//اردو میڈیم اساتذہ کو تعلیمی نظام میں جاری جدید اصلاحات اور ٹکنالوجی خصوصاً آرٹیفیشل انٹلی جنس (AI) کے مؤثر استعمال سے بخوبی واقف ہونا چاہیے، کیوںکہ طلبا کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں اساتذہ کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد عبدالسمیع صدیقی، ڈائرکٹر سی پی ڈی یو ایم ٹی نے کیا۔ وہ مرکز پیشہ وارانہ فروغ برائے اساتذۂ اردو ذریعہ تعلیم (سی پی ڈی یو ایم ٹی)، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی جانب سے اردو میڈیم اساتذہ کے لیے منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ ورکشاپ SCERT کے اشتراک سے منعقد کیا گیا۔ انہوں نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ دورانِ تدریس اساتذہ کو ایسا انداز اپنایا جائے جس سے طلبہ کی دلچسپی میں اضافہ ہو اور یہ برقرار رہے۔ خوشگوار رویہ، شیریں گفتگو اور طلبہ سے ہمدردانہ تعلق تعلیمی ماحول کو مؤثر بناتے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران انہوں نے مختلف سرگرمیوں کے ذریعے تدریسی نکات کی وضاحت کی۔