بماکو//مالی میں فوجی بغاوت کے ذمہ دار عہدیداروں نے صدر جمہوریہ ابراہیم بوبکر کیتا کو استعفی دینے پر مجبور کرنے کے بعد قومی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ او آر ٹی ایم 1 نیوز پر باغی فوجیوں کے ترجمان نے کہا کہ "ہم نے عوام کی حفاظت کے لئے ایک قومی کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہم نے اپنے ملک کے وجود کو برقرار رکھنے کے لئے عوام اور ملک کی تاریخ کے تئیں خود کی وابستگی قائم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے "۔واضح رہے کہ مالی میں فوجی بغاوت کے بعد صدر ابراہیم بوبکر کیتا نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے ۔ مسٹر بوبکرنے بدھ کے روز سرکاری ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ پارلیمنٹ اور حکومت کو بھی تحلیل کررہے ہیں۔پچاسی سالہ مسٹر بوبکر کیتا نے کہا کہ "میں مالی کے عوام کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ اس نے مجھے اتنا لمبا تعاون اور پیار دیا اور اپنے منصب سے دستبرداری کے اپنے فیصلے کے بارے میں بتانا چاہتا ہوں"۔یو این آئی