عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ //پونچھ ضلع میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے سلسلے میں پولیس نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ایسے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے ہیں جن میں کروڑوں روپے کی مشکوک لین دین ہوئی تھی، جبکہ اب تک پچیس لاکھ روپے کی رقم کو باضابطہ طور پر ضبط (اٹیچ) بھی کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے اس کارروائی کو منشیات کے نیٹ ورک کی مالی کمر توڑنے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔پونچھ پولیس نے تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق مالیاتی تحقیقات کو جاری رکھتے ہوئے درجنوں ایسے بینک اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی جن میں غیر معمولی اور بھاری ٹرانزیکشنز پائی گئیں۔ ان اکاؤنٹس میں ہونے والی رقم کی نقل و حرکت مشتبہ پائی گئی جو مالیاتی نگرانی کے دوران پولیس کی نظر میں آئی۔بیان کے مطابق یہ اکاؤنٹس مختلف اضلاع میں منشیات کی خرید و فروخت سے حاصل ہونے والی رقوم کو منتقل کرنے کے لئے استعمال کئے جا رہے تھے۔ تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ نیٹ ورک کئی سطحوں پر پھیلا ہوا ہے اور منشیات کے اسمگلرز اپنے مالی معاملات کو چھپانے کے لئے مختلف بینک اکاؤنٹس اور چینلز استعمال کرتے رہے ہیں۔پولیس کے مطابق ان اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا مقصد نہ صرف اس غیر قانونی دولت تک ان اسمگلرز کی رسائی روکنا ہے بلکہ ان مالیاتی چینلز کو بھی بند کرنا ہے جن کے ذریعے منشیات کا دھندا پھل پھول رہا تھا۔ اکاؤنٹس منجمد ہونے کے بعد اب ملزمان اس رقم کو نکالنے یا کہیں اور منتقل کرنے سے قاصر ہیں، جس سے ان کے مالیاتی نظام کو شدید دھچکا لگا ہے۔یہ کارروائی تھانہ پونچھ کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے انجام دی، جس نے بینکوں، مالیاتی اداروں اور سائبر یونٹس کے ساتھ رابطہ قائم کرکے مشکوک ٹرانزیکشنز کا سراغ لگا کر رقوم کو محفوظ کیا۔ ٹیم نے ٹرانزیکشنز کی مختلف پرتوں کا جائزہ لیا، اسمگلرز کے ساتھ روابط کی نشاندہی کی اور قانونی ضابطوں کے تحت رقوم کو ضبط کرنے کے لئے ٹھوس شواہد اکٹھے کیے۔پولیس کے مطابق یہ کارروائی منشیات کے نیٹ ورک کی مالیاتی بنیادوں کو ختم کرنے کی وسیع تر حکمتِ عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت صرف اسمگلرز ہی نہیں بلکہ ان کے معاونین، سہولت کاروں اور مالی چینلز کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید اکاؤنٹس، املاک اور رقوم کو منشیات کی کمائی قرار دے کر ضبط کیا جا سکتا ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ پونچھ پولیس نے دو روز قبل بھی کروڑوں روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی تھیں جو منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے ضلع پونچھ اور گردونواح میں منشیات کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں مدد ملے گی۔