محمد تسکین
بانہال//وادی واڑون کے انشن سے تعلق رکھنے والے نامور استاد حاجی غلام محی الدین مہرو 38برسوںتک محکمہ میں اہنی خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں ۔انکے اعزاز میں محکمہ تعلیم اور مقامی لوگوں کی طرف سے مڈل سکول رکنواس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ غلام محی الدین مہرو مقامی سماجی شخصیت ہیں اور ان کی الوداعی تقریب میں زونل ایجوکیشن آفیسر واڑون اجے کمار دوبے ، زون واڑون کے ٹیچروں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی اور اس دور افتادہ پہاڑی علاقے میں انکی تعلیمی اور سماجی خدمات کو سراہا گیا ۔ اس موقع پر زونل ایجوکیشن آفیسر واڑون ضلع کشتواڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ غلام محی الدین مہرو علاقہ واڑون میں محکمہ تعلیم کے اہم اہلکار تھے اور ان کی سبکدوشی کے بعد پیدا ہوئے خلا کو بھرنے میں وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش کو پہنچے استاد نہ صرف اپنے فرائض منصبی کو تندہی سے انجام آئے ہیں بلکہ وہ سماجی کاموں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں اور کئی غریب بچوں کی فیس وغیرہ کے اخراجات وہ خود سے آدا کرتے رہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی استاد کی خدمات کی عکاسی اس کی سبکدوشی پر معلوم ہوتی ہیں اور آج اس کی مثال مڈل سکول رکنواس واڑون میں اسوقت دیکھنے کو ملی جب ماسٹر غلام محی الدین مہرو کی الوداعی تقریب میں سکول کے بچے اور مقامی لوگ الوداعی تقریب کے اختتام پر پھوٹ پھوٹ کر رو رہے تھے ۔اس موقع پر مقامی اساتذہ نے اپنے سبکدوش ساتھی کو ریٹائرمنٹ کی بقیہ زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انہیں مختلف تحفوں اور تحائف پیش کرکے انہیں اپنے گھر واقع انشن تک رخصت کیا ۔