سرینگر// جموں کشمیر قانون ساز کونسل کی ماحولیات سے متعلق کمیٹی کی میٹنگ پیر کو ایم ایل سی علی محمد ڈار کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں پلیوشن کنٹرول بورڈ ، ٹرانسپورٹ ، ٹریفک ، ہیلتھ ، انڈسٹریز ، آبپاشی ، لوکل باڈیز ، ایف سی ایس اینڈ سی اے محکموں سے جُڑے ماحولیاتی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ارکانِ اسمبلی قیصر جمشید لون ، گردھاری لال رینہ اور پردیپ شرما نے میٹنگ میں شرکت کر کے ریاست کے ماحولیاتی منظر نامے کو تحفظ دینے کے حوالے سے اپنی اپنی تجاویز سامنے رکھیں اور کہا کہ آبی پناہ گاہوں کو تحفظ دینے کیلئے ایک جامع مہم چلائی جانی چاہئے ۔ کمیٹی نے جموں اور سرینگر شہروں میں خاص طور سے ٹریفک کی گنجانیت کو کم کرنے کیلئے مختلف محکموں کی طرف سے کئے جا رہے اقدامات کو بھی زیر بحث لایا ۔ کمیٹی نے کہا کہ ٹریفک گنجانیت سے پیدا ہونے والے مضر اثرات کو کم کرنے کیلئے ایک موثر لایحہ عمل اختیار کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرانی گاڑیوں پر بھی نظر گذر رکھی جانی چاہئے تا کہ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے ۔ میٹنگ میںدیگر لوگوں کے علاوہ سپیشل سیکریٹری قانون ساز کونسل محمد اشرف وانی اور کونسل سیکریٹریٹ کے کئی دیگر افسران بھی موجود تھے ۔