عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی //سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ریاسی، پرم ویر سنگھ نے کٹرا میں ایک اہم سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی تاکہ آنے والے نو راتری میلے اور زائرین کے متوقع ہجوم کے پیش نظر انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی کٹرا وپن چندرن، ایس ڈی پی او کٹرا ڈاکٹر بھیشم دوبے، پروبیشنری ڈی ایس پی اجالا، ایس ایچ اوز، انچارج پولیس پوسٹس، فوج، سی آر پی ایف، سکیورٹی ونگ، سی آئی ڈی اور دیگر ایجنسیوں کے افسران نے شرکت کی۔گفتگو کے دوران ایس ایس پی ریاسی نے کہا کہ یاتریوں کی حفاظت کے لئے بھون تک کے پورے راستے پر فول پروف سیکورٹی انتظامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے ہدایت دی کہ مشکوک افراد کی سخت تلاشی اور باریک بینی سے جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کوئی بھی سماج دشمن یا ملک دشمن عنصر پرامن ماحول کو خراب نہ کر سکے۔انہوں نے نقلی شناختی معاملات کے خدشے پر بھی خصوصی توجہ دی اور سخت آئی ڈی ویریفکیشن کے ساتھ ساتھ نگرانی کو مزید بڑھانے کی ہدایات دیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ کٹرہ اور اس کے اطراف میں مقیم مہاجرین کی بار بار تصدیق اور مردم شماری کی جائے، ٹٹو برداروں، مزدوروں اور شہر میں داخل ہونے والے تمام افراد کی ترجیحی جانچ ہو، ہوٹلوں اور رہائشی مقامات کی وقتاً فوقتاً چیکنگ کی جائے اور آنے والے مہمانوں کے کوائف کی تصدیق کی جائے۔ اس کے علاوہ تمام پولیس اسٹیشنوں میں او جی ڈبلیوز کی فہرست کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور سوشل میڈیا پر ابھرتے ہوئے رجحانات پر کڑی نگرانی رکھی جائے۔ایس ایس پی پرم ویر سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ تعینات فورسز کی بنیادی ذمہ داری یہ ہے کہ نو راتری میلے کے دوران یاتریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ سہولت اور سکون کے ساتھ ماتا ویشنو دیوی کے درشن کر سکیں۔اجلاس مثبت ماحول میں اختتام پذیر ہوا جہاں تمام ایجنسیوں نے قریبی تعاون اور بھرپور ہم آہنگی کے ذریعے یاتریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔