لیہہ// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں بین الخطی سطح پر زیادہ سے زیادہ استتفسار کرانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے طُلباءبرادری سے اپیل کی ہے کہ وہ خطوں کے درمیان غلط فہمیوں اور دُوریوں کو کم کرنے میں اُن کو تعاون دیں۔الیزن جولڈن میموریل کالج میں ذہین طالبات میں سکوٹیاں تقسیم کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مختلف خطوں کے لوگوں کے درمیان ذہنی سطح کی دوریوں کو کم کر کے انہیں ایک دوسرے کے نزدیک لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ ہمارا مستقبل ہیں اور انہیں خطوں اور لوگوں کو ایک دوسرے کے نزدیک لانے میں اپنا بھرپور تعاون دینا چاہئے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ انہیں حال ہی میں ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران لداخ کی ایک ٹیم کو دیکھ کر کافی خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایسے مزید استفصارات منعقد کئے جانے چاہئیں جہاں نوجوان لوگ ایک دوسرے کی روایات، ثقافت ، ضروریات اور مسائل کو بہتر ڈھنگ سے سمجھ سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ لداخ خطہ کا متواتر دورہ کرتی آرہی ہیں تا کہ انہیں شراکت داری کا احساس دلا کر انہیں سرینگر اور جموں کے نزدیک لایا جاسکے۔کالج انتظامیہ کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کے تناظر میں وزیر اعلیٰ نے کالج میں ایک گرلز ہوسٹل قائم کرنے کا یقین دلایا۔ اس حوالے سے انہوں نے سی ای سی لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ سے کہا کہ وہ نزدیک میں ہی اراضی کی نشاندہی کر کے ایک پروجیکٹ رپورٹ تیار کریں۔وزیر اعلیٰ نے کالج طُلباءکی آزادانہ نقل و حمل کے لئے ایک بس دینے کا بھی اعلان کیا۔محبوبہ مفتی نے طالبات کو یقین دلایا کہ انہوں نے پہلے ہی کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے کہا ہے کہ وہ لداخ خطہ اور ریاست کے دیگر حصوں کے طُلاب کے تدریسی شیڈول میں موجود تفاوت کو دور کریں۔ محبوبہ مفتی نے یقین دلایا کہ وہ لیہہ میں ایک انڈور سٹیڈیم تعمیر کرنے کے مطالبہ کا جائزہ لیں گی۔امداد باہمی اور لداخ امور کے وزیرٹی دورجے نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور لداخ خطہ کی ترقی اور ضروریات کی جانب مناسب توجہ دینے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔چیف ایگزیکٹو کونسلرلداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ ڈاکٹر سونم داوا نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ ایگزیکٹو کونسلر ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ، ایم پی تھپسن چیوانگ، ڈپٹی کمشنر اونی لواسہ کے علاوہ ضلع انتظامیہ کے افسران اور کافی تعداد میں طالبات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔اس سے پہلے وزیر اعلیٰ آج لداخ خطہ کے دو روزہ دورے پر لیہہ پہنچیں جہاں ہوائی اڈے پر ان کا روائتی انداز سے استقبال کیا گیا اور کھٹک پیش کئے گئے۔لداخ امور وزیر ٹی دورجے، سی ای سی ایل اے ایچ ڈی سی لیہہ ڈاکٹر سونم داوا، چیف ایگزیکٹو کونسلروں اور سنیئر سول و پولیس افسروں نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔وزیر اعلیٰ کل اسی طرح کی ایک اور تقریب میں کرگل میں طالبات میں سکوٹیاںتقسیم کریں گی۔