عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری کے کئی دیہات کی سڑک رابطہ سہولیات ہفتہ کے روز شدید متاثر ہوئیں جب ایک بڑی لینڈ سلائیڈ نے راجوری۔کرہڈسوکڑ روڈ کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ یہ سڑک تین قریبی دیہات کے لئے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے اور ہزاروں کی آبادی کو دیگر علاقوں سے جوڑتی ہے۔اطلاعات کے مطابق، مسلسل بارشوں کے بعد یہ لینڈ سلائیڈ پیش آئی جس نے سڑک کو ملبے اور پتھروں سے ڈھانپ دیا۔ نتیجتاً گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ یہ واحد سڑک ہے جس پر انحصار کرتے ہوئے وہ روزمرہ کی ضروریات جیسے غذائی اشیاء ، ایندھن اور طبی امداد تک پہنچ پاتے ہیں۔ روڈ کی بندش سے مریضوں اور بزرگوں کو سب سے زیادہ مشکلات پیش آ رہی ہیں۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سڑک کو ملبے سے صاف کر کے آمد و رفت بحال کی جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ بارشوں کے موسم میں لینڈ سلائیڈنگ ایک عام مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی بار بار مفلوج ہو جاتی ہے۔محکمہ کے افسران نے بھی تصدیق کی ہے کہ راجوری۔کرہڈسوکڑ روڈ لینڈ سلائیڈ کے بعد مکمل طور پر بند ہے اور اس کی صفائی کے لئے میکانیکل مشینری تعینات کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاہم ملبے کی شدت کے باعث بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے۔