رمیش کیسر
راجوری //جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر آج یعنی جمعہ کے روز پونچھ اور نوشہرہ کے سرحدی دیہات کا اہم دورہ کریں گے، جہاں وہ آپریشن سندور کے دوران پاکستانی گولہ باری سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کریں گے۔ یہ دورہ سرحدی آبادی کے ساتھ انتظامیہ کی یکجہتی کا ایک اہم پیغام سمجھا جا رہا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر جمعہ کے روز نوشہرہ کے سرحدی دیہات میںپہنچیں گے، جہاں وہ ان چھ متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد تقسیم کریں گے جن کے مکانات گزشتہ عرصے میں پاکستانی شیلنگ کی زد میں آ کر مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے تھے۔یہ خاندان آپریشن سندور کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے اور ان کا جانی و مالی نقصان خاصا بڑا تھا۔ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کا سرحدی علاقوں کے مکینوںکے ساتھ ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے، جس میں عوامی ضروریات، حفاظتی انتظامات اور سرحدی علاقوں میں تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر گفتگو کی جائے گی۔دورے سے قبل جمعرات کے روز انتظامیہ اور سیکورٹی افسران نے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر راجوری، ڈی آئی جی راجوری اور دیگر اعلیٰ افسران شہید بریگیڈیئر محمد عثمان میموریل پارک میں موجود رہے، جہاں انہوں نے سیکورٹی انتظامات کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور ضروری ہدایات جاری کیں۔انتظامیہ کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر کا یہ دورہ سرحدی عوام کے مسائل سننے، ان کی حوصلہ افزائی اور متاثرہ خاندانوں کی عملی مدد کرنے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔سرحدی علاقوں کے لوگ بھی اس دورے کو امید بھری نظروں سے دیکھ رہے ہیں کیونکہ انہیں توقع ہے کہ اس سے ان کے مسائل کے حل اور امدادی اقدامات میں مزید تیزی آئے گی۔