عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ریاسی دہشت گردانہ حملے میں زخمی ہوئے یاتریوں سے عیادت کی جو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموںاور شری ماتا ویشنو دیوی نارائن سپر سپیشلٹی ہسپتال کٹراہ میں زیر علاج ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اورنارائن ہسپتال کٹراہ میں زخمی یاتریوں کی عیادت کی اور اُن کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دُعاکی۔ اُنہوں نے کہا کہ پوری قوم دُکھ کی اس گھڑی میں شہید یاتریوںکے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیفٹیننٹ گورنر کو زخمیوں کی صحت کی حالت اور اُنہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری دی۔ لیفٹیننٹ گورنر صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے ضلعی اور ہسپتال اِنتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ متاثرہ کُنبوں کو بہترین طبی نگہداشت اور تمام ضروری اِمداد کو یقینی بنائیں۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے رِیاسی دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوئے یاتریوں کے لواحقین کے حق میں فی کس 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے ایکس گریشیا دینے کی منظوری دی تھی۔