سماجی و اِقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے سکائوٹس ایند گائیڈز کا رول اہم،اختراعی حل فراہم کرنے کی صلاحیت :منوج سنہا
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانےکنونشن سینٹر میں جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کی راجیہ پُرسکار تقریب میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز، روورز اور رینجرز کو راجیہ پُرسکارسر ٹیفکیٹ پیش کئے اور تمام حاصل کنندگان کومُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ سرٹیفکیٹ اُن کی لگن، بے لوث خدمت، سخت محنت اور نظم و ضبط کا اعتراف ہیں۔اُنہوں نے کمیونٹی خدمات اور قوم کی تعمیر میں بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز تحریک سے وابستہ ہر ایک کے مثالی تعاون کی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈزاِس مشن پر کار بند ہے کہ دوسروں کی خدمت کو معاشرے کا نصب العین بنایاجائے، خود سے پہلے دوسرو ں کا خیال رکھا جائے۔ ‘‘اُنہوں نے مزید کہاکہ اس نظریہ کے تحت جموں وکشمیر بھارت سکائوٹس اینڈ گائیڈز قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دینے او رمعاشرے کی بہتری کے لئے بے لوث کام کررہا ہے جو واقعی قابل ستائش ہے۔اُنہوںنے سکاؤٹس اینڈ گائیڈز پر زور دیا کہ وہ نچلی سطح پر’ تبدیلی کے ایجنٹ ‘کے طور پر کام کریں اور نوجوانوں کو معاشرے اور قوم کی تعمیری تبدیلی کے لئے خود کو وقف کرنے کی ترغیب دیں۔منوج سِنہا نے کہا ،’’ ترقی پسند معاشرے اور خوشحال قوم کی ترقی کے لئے آج ہمارے پاس واحد طاقت نوجوان ہیں۔ نوجوانوں کے ذریعے ہم تبدیلی کی شمع کوروشن کر سکتے ہیں۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’سماجی و اِقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے سکاؤٹس اور گائیڈز کوکام کرناضروری ہے کیوں کہ ان میں اِختراعی حل فراہم کرنے کی صلاحیت موجو دہے۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز سے کہا کہ وہ مختلف سماجی و اِقتصادی مسائل پر لوگوں میں بیداری پیدا کریں اور قدرتی وسائل اور ماحولیات کے تحفظ کے لئے بھی کام کریں۔اُنہوں نے کہا، ’’میں چاہتا ہوں کہ جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز مختلف شعبوں میں نوجوانوں کا ایک نیٹ ورک بنائیں، نوجوانوں کو ثقافتی ورثے اور روایات سے جوڑیں اور منشیات کے غلط اِستعمال کے خلاف جنگ کی قیادت کرنے والے سکاؤٹس اور گائیڈز کی ایک وقف ٹیم تشکیل دیں۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر جو جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں، نے جموں و کشمیر بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز کے کام کو آسان بنانے کے اَپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ سالانہ گرانٹ اِن ایڈ کے ساتھ ساتھ انہیں جس طرح کی مدد اور مالی مدد کی ضرورت ہوگی وہ یقینی طور پر فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے آئندہ نیشنل اِنٹگریشن کیمپ کے احسن اِنعقاد کے لئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔