ڈوڈہ//لیبر ڈپارٹمنٹ ڈوڈہ کی طرف سے ڈاک بنگلہ ڈوڈہ میں ایک جانکاری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایاگیا جس میں حاضرین کو محکمہ کی طرف سے عملائی جا رہی مختلف اسکیموں کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی گئیں اور انجینئرنگ اور دیگر علوم و فنون کی تعلیم اور تربیت حاصل کرنے والے مستحق طلباء و طالبات کو مالی امداد فراہم کی گئی۔اس موقع پر ایم ایل اے ڈوڈہ شکتی راج پریہار بطورِ مہمانِ خصوصی موجود تھے جب کہ تعمیراتی مزدوروں کی اچھی خاصی تعداد نے پروگرام میں شرکت کر کے محکمہ کی اسکیموں کے بارے میں اہم جانکاری حاصل کی۔ اپنے خطاب میں ایم ایل اے ڈوڈہ نے پروگرام کے انعقاد پر محکمہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئیکہا کہ اس قسم کے بیداری پروگرام بہت اہمیت کے حامل ہیں کہ ان سے مزدور طبقہ کو مرکزی و ریاستی سرکاروں کی طرف سے اْن کی فلاح و بہبود کے لئے شروع کی گئی اسکیموں اور پروگراموں کے بارے میں جانکاری ملتی ہے اور وہ ان سے فائدہ اْٹھاتے ہیں۔اْنہوں نے محکمہ کے حکام کے محنت اور کوششوں کو سراہتے ہوئیکہا کہ عملہ کی قلّت کے باوجود عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور کسی قسم کی کمی کوتاہی محسوس نہیں کی جا رہی ہے۔اْنہوں نے مزدور طبقہ پر زور دیا کہ وہ آگے آکر ان اسکیموں سے فائدہ اْٹھائیں۔اس سے قبل اسسٹنٹ لیبر کمشنر ڈوڈہ پرگیوت گپتا نے افتتاحی کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد کی وضاحت کی۔اْنہوں نے محکمہ کی مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ تعمیراتی ورکرس کی فلاح و بہبود کے لئے مختلف اسکیمیں موجود ہیں جن سے فائدہ اْٹھانے کی ضرورت ہے۔اْنہوں نے کہا کہ محکمہ مزدوروں کو راحت پہنچانے کی بھر پور کوشش کر رہا ہے اورعوام کو چاہیے کہ وہ محکمہ کو اپنا بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ ان اسکیموں کا فائدہ مستحقین کو پہنچایا جا سکے۔اس موقع پر آٹھ لاکھ سے زائد رقم 104 مستحق افراد میں بذریعہ چیک تقسیم کی گئی۔