سرینگر// سرینگر میں کل شام جھیل ڈل کے کنارے بالی وڈ گلو کار لکی علی کا کنسرٹ منعقد ہوا ۔کنسرٹ کا اہتمام فوج نے کیا تھا ۔شیر کشمیر انٹر نیشنل کنویشن کمپلیکس میں جھیل ڈل کے کنارے منعقدہ ’’سرینگر یوتھ فیسٹول 2017‘‘کے ایک حصے کے طور پرموسیقی کا یہ پروگرام منعقد ہوا ۔اس موقعہ پر گورنر این ایک ووہرا مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقعہ پر انتظامیہ ،پولیس اور فوج کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ لکی علی نے نوے کی دہائی کے مشہور گانے ’آبھی جا ،اے صبح ‘،اور ’جانے کیا ڈھونڈتا ہے یہ دل میرا ‘گائے اور یہاں موجود لوگ لکی علی کی موسیقی سے محظوظ ہوئے۔واضح رہے کہ 7اکتوبرکی شام جھیل ڈل کے کنارے معروف موسیقار، پیانو نواز اور اداکار عدنان سمیع خان کا کانسرٹ منعقد ہواتھا اور اس کیلئے ریاستی سرکار نے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے تھے ، مہمانوں کے قیام وطعام کے علاوہ سیکورٹی کے معقول بندوبست بھی کئے گئے تھے۔