سمت بھارگو
راجوری// جموں و کشمیر کے راجوری ضلع کے کلر میں ہفتہ کی شام ایک مقامی لڑکے اکشے کمار (17سال) ولد دنیش کمار ساکن کلر کی موت کے بعد ایک احتجاجی مظاہرہ شروع ہوا۔وہ گھر کے اندر سے لٹکا ہوا پایا گیا جس کے بعد پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔واقعے پر اہل خانہ، رشتہ داروں اور اہل علاقہ نے اتوار کی صبح کلر کے مقام پر شاہراہ پر جمع ہوکر گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ان کا الزام ہے کہ مقامی لڑکی کے کسی معاملے پر اس لڑکے کو علاقے کے کچھ لوگ ہراساں کر رہے تھے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ متوفی کو سابق سرپنچ سمیت مقامی لوگوں کی طرف سے ہراساں کیا جا رہا تھا اور ذہنی دباؤ کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور اسی تشدد سے اس نے خودکشی کر لی۔مظاہرین نے اتوار کو جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ کو گھنٹوں تک بند رکھا اور نعرے لگائے اور ملزمان کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔احتجاج کے باعث شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔بعد ازاں ایڈیشنل ایس پی راجوری مصدق باسو نے ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹر اشونی شرما، ایس ایچ او راجوری اعجاز احمد وانی کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور نوٹس لینے کے علاوہ معاملے کی تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہوئے احتجاج کو پرامن کیا۔ان کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔