اننت ناگ //قاضی گنڈ میں پولیس نے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 افراد کو لڑکی کی عصمت دری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ کو ایک شکایت موصول ہوئی، جس میں شکایت کنندہ نے کہا کہ بونی گام قاضی گند میں اس کی بیٹی (نام مخفی) کو تین افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے اور اس شرمناک واقعہ میں شبروزہ نامی خاتون نے ملزمان کی مدد کی ہے۔یہ شرمناک واقعہ اس وقت سامنے آیا جب 17 سالہ لڑکی طبی جانچ کے لئے اسپتال گئی جہاں طبی جانچ میں بچی حاملہ پائی گئی۔ شکایت موصول ہونے کے بعد پولیس نے معاملہ کی نسبت کیس زیر نمبر 61/2021 U / S 376D ، 342 ، 109 IPC ، 4 POCSO ایکٹ قاضی گنڈ پولیس اسٹیشن میں درج کیا اور تفتیش شروع کردی۔دوران تفتیش شکایت درست پاکر پولیس نے شرمناک کام میں ملوث چار ملزمان ظہور احمد میرسابق فوجی اہلکار ، اعجاز احمد شاہ ، کفایت احمد ملک اور شبروزہ کو گرفتار کیا ہے۔پولیس کے مطابق دوران تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کفایت احمد ملک سلیکشن گریڈ بیلٹ نمبر 467 شرمناک کام میں ملوث پائے گئے اور اسے فوری طور پر گرفتار کیا گیا۔ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شرمناک کام کو ڈیوٹی کے دوران نہیں کیا اور نہ ہی پولیس احاطے کو استعمال میں لایا ہے۔پولیس نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔