عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// انجمن علمائے اہل سنت ضلع راجوری کے صدر مولانا محمد فاروق نقشبندی نے ضلع کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڈھال کی حالیہ افسوسناک صورتحال سے مایوس نہ ہوں۔ مولانا فاروق نے کہا کہ اس آزمائش کی گھڑی میں ہمیں اللہ رب العالمین کی بارگاہ میں رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں پر اذانوں اور اجتماعی دعاؤں کا اہتمام کریں اور تسلسل کے ساتھ قرآن پاک کی سورۃ یٰسین کو 72 مرتبہ پڑھ کر بارگاہِ الٰہی میں دعا کریں کہ اللہ تعالی ہمیں اس مصیبت سے نجات عطا فرمائے۔ مولانا فاروق نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 45 دنوں کے دوران بڈھال کے تقریباً 17 افراد وفات پا چکے ہیں جبکہ متعدد افراد جموں، چندی گڑھ اور راجوری کے مختلف ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال نے ہر فرد کو غم اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ بچوں، خواتین اور نوجوانوں کی حالت زار دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ہم متاثرہ افراد کے ساتھ اظہار ہمدردی اور دعاؤں کے ذریعے اپنی حمایت کا اظہار کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوش آئند بات یہ ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں اس معاملے پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں اور طبی ٹیمیں کئی دنوں سے متاثرہ علاقے میں موجود ہیں جو صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں۔ مولانا فاروق نے عوام کو یقین دلایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھلائی کے لیے سرگرم ہیں۔ متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور وہاں دفعہ 144 نافذ کیا جا چکا ہے تاکہ حالات مزید بگڑنے نہ پائیں۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ صبر اور دعا کے ذریعے اس آزمائش کا سامنا کریں۔ مولانا فاروق نے اپنے کہا کہ اللہ کریم ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں اس صورتحال میں بہتری آئے گی۔ عوام سے اپیل کرتے ہوئے مولانا فاروق نقشبندی نے کہا کہ لوگ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور پریشان نہ ہوں بلکہ اپنی دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھیں۔