نیوز ڈیسک
سرینگر//اپنی پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا، جموں کشمیر ایک اہم مرحلے میں داخل ہونے جارہا ہے، جس میں یہاں کے لوگ اپنے حق رائے دیہی کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ لوگوں کو یہ طے کرنے کا موقعہ فراہم ہورہا ہے کہ آیا وہ ایک بار پھر روایتی سیاسی جماعتوں کے جھانسے میں آکر ایک بار پھر دھوکہ کھائیں یا پھر اس بار اپنی پارٹی کا ایک متبادل کے طور پر اپنائیں۔انہوں نے کہا، عوام کو سچ اور جھوٹ کی سیاست میں فرق کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ روایتی جماعتوں نے اپنے سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کبھی رائے شماری، اٹانامی، سیلف رول اور آزادی جیسے پر فریب نعروں سے بہلایا اور ووٹ چھین کر خود کو اقتدار کی گلیاروں تک پہنچادیا۔انہوں نے مزید کہا، لیکن اب یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ سیاسی استحصال کا یہ سلسلہ روک دیں اور ایک بار پھر جذباتی نعروں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ آپ لوگوں نے پہلے ہی مکارانہ سیاست کی وجہ سے کافی کچھ کھویا ہے، پہلے آپ کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا، لیکن آج آپ کے پاس اپنی پارٹی ایک متبادل کے طور پر موجود ہے ، جو جھوٹ نہیں کہتی ہے۔ کیونکہ اس طرح کی سیاست نے اب تک عوام کو سوائے مصیبتوں کے کچھ نہیں دیا۔ اس طرح کی سیاست نے نوجوانوں کو یا تو جیلوں میں پہنچادیا یا پھر قبرستانوں میں۔بخاری نوگام میں جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔بخاری نے عوام پر زور دیا کہ وہ ماضی کے تجربات سے سبق حاصل کریں اور ایک بار پھر روایتی سیاسی جماعتوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔انہوں نے مزید کہا، اگر ان سیاسی جماعتوں نے یہاں حقیقی جمہوریت کو پنپنے دیا ہوتا تو یہ صورتحال نہیں ہوتی۔ آج یسین ملک جیل میں ہوتے نہ ہی سید صلاح الدین اپنے وطن سے دور ہوتے کیونکہ انہوں نے جمہوری عمل پر اپنے اعتماد کا اظہا کیا تھا، لیکن روایتی سیاسی جماعتوں نے 1987 میں بدترین سیاسی دھاندلیوں کے ذریعے انہیں دھچکہ پہنچا یا۔ اسی لئے میں کہتا ہوں کہ روایتی سیاسی جماعتیں ہی جموں کشمیر کی موجودہ بدحالی کی ذمہ دار ہیں۔بخاری نے ساتھ ہی یہ بھی کہا، ہم ساتھ ساتھ جموں کشمیر کی خصوصی شناخت اور یہاں کے عوام کے سیاسی حقوق کی بحالی کیلئے بھی جدوجہد کریں گے۔سید الطاف بخاری نے اپنی پارٹی کے وعدوں کو دہراتے ہوئے کہا، اگر آنے والے اسمبلی انتخابات میں ہمیں عوام کا مینڈیٹ حاصل ہوا تو ہم وادی کے بجلی صارفین کو سرما میں پانچ سو یونٹ بجلی مفت فراہم کریں گے اور اسی مقدار میں جموں کے صارفین کو گرمیوں میں مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔ جبکہ وادی میں گرمیوں میں تین سو یونٹ اور جموں میں سرما کے دوران تین سو یونٹ مفت بجلی فی کنبہ فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہم بیوائوں کی ماہانہ امداد کو ایک ہزار روپے سے بڑھا کر پانچ ہزار کردیں گے اور لڑکیوں کی شادیوں کے لئے معاونت موجودہ پچاس ہزار فی کس سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے کردیں گے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپنی پارٹی کی حکومت فی کنبہ سالانہ چار سیلنڈروں کے لئے مفت گیس فراہم کرائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سارے اقدامات جموں کشمیر کے عوام کو درپیش ان مسائل کو کم کرنے کیلئے کئے جائیں گے جن سے وہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے ایک طویل عرصے سے دوچار ہیں۔سید الطاف بخاری نے جلسے میں بھاری عوامی شرکت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا، میں آپ کی محبتوں کا شکر گزار ہوں۔ حالیہ ایام میں ہم نے سرینگر کے کئی حلقہ ہائے انتخابات جن میں عید گاہ، جذی بل، حضرت بل اور اب نوگام شامل ہے، میں جلسے کئے۔ ہر جگہ لوگوں نے جوق در جوق ہمارے جلسوں میں شرکت کی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو اپنی پارٹی کے ایجنڈے کے ساتھ مکمل اتفاق ہے۔سید الطاف بخاری کے علاوہ جلسے میں اپنی پارٹی کے جو سرکردہ قائدین اور سینئر کارکنان موجود تھے، ان میں سینئر نائب صدر غلام حسن میر، پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین ڈلاور میر، جنرل سیکرٹری رفیع احمد میر، نائب صدر جاوید مصطفی میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، پارٹی یوتھ لیڈر اور سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو،سینئر لیڈر اور ڈی ڈی سی چیئر مین ملک آفتاب، نائب چیئر مین ڈی ڈی سی سرینگر بلال احمد بٹ، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، صوبائی صدر یوتھ ونگ خالد راٹھور، پارٹی کی خواتین ونگ کی صدر دلشادہ شاہین، خواتین ونگ کی لیڈران رفیقہ جی اور افروزہ جی، نائب ضلع صدر سرینگر اعجاز احمد راتھر، نائب ضلع صدر سرینگر محمد شفیع میر، پارٹی انچارج چھانہ پورہ اور کارپوریٹر ایس ایم سی محمد اشرف ڈار، پارٹی زونل صدر چھانہ پورہ حلقہ انتخاب اور کارپوریٹر ایس ایم سی محمد سلیم بٹ، کارپوریٹر اعجاز احد بٹ، پارٹی زونل صدر حبہ کدل جیلانی کمار، ضلع کارڈی نیٹر سرینگر تنبیر سنگھ سودی، ضلع یوتھ صدر سرینگر اور پارٹی کے زونل صدر خانیار محسن ظفر شاہ، پارٹی لیڈر اور وادڑ صدر راولپورہ نذیر احمد ڈار، وارڈ صدر حیدر پورہ محمد مقبول، وارڈ صدر مہجور نگر عبدالرشید پرے، غلام احمد ڈگہ، وارڈ صدر نٹی پورہ محمد شفیع (زمزم)، وارڈ صدر بڈشاہ نگر محمد جمال اور دیگر اشخاص شامل تھے۔
لوگ اسمبلی انتخابات کیلئے تیار | ناقابل حصول اہداف اور جذباتی نعرے عوامی مصائب کی وجہ
