بانہال // ضلع رام بن میں تحصیل کھڑی کے مختلف علاقوں میں بچوں سمیت درجنوں لوگوں کے بیمار ہونے کی خبر کے بعد چیف میڈیکل افسر رام بن سیف الدین خان کی ہدایت پر بلاک اکڑال سے ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی ایک ٹیم دوائیوں سمیت روزانہ کی گئی ہے جبکہ بانہال میڈیکل بلاک سے بھی دوائیوں کی ایک کھیپ مہو منگت اور باوا میڈیکل سینٹروں پر روانہ کی گئی ہے جبکہ درجنوں بیماروں کو ڈاکٹر ریاض نے طبی معائینہ کیا اور روانہ کی گئی اور ان میں دوائیاں تقسیم کی گئیں۔ چیف میڈیکل افسر رام بن داکٹر سیف الدین خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مہو منگت ، باوا، اکھرن ، ہجوا وغیرہ سے لوگوں کے بیمار ہونے کی اطلاعات کے بعد برفباری کے باوجود ایک ڈاکٹر کی قیادت میں پیرا میڈیکل سٹاف کی ٹیم کو روانہ کیا گیا جبکہ اکرال اور بانہال بلاک سے ضروری ادویات بھی روانہ کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں بخار ، بدن درد اور دیگر بیماریوں کی تکلیف ہے اور یہ کوئی مہلک اور وبائی بیماری نہیں بلکہ عام بیماری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوائیاں اور ٹیم کو باوا کے مقام پر طبی سینٹر میں بھیجا گیا ہے اور ان کے ساتھ مرد وخواتین پر مشتمل ایک طبی عملہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگت پرائمری ہیلتھ سینٹر میں پہلے ہی ایک داکٹر تعینات ہے اور وہاں بھی مریضوں کا علاج کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان خبروں کی تردید کی کہ کوئی بزرگ اور دو بچے پچھلے تین ہفتوں کے دوران اس بیماری سے ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بزرگ کو ایک آپریشن کیا ہوا مریض تھا جبکہ دو بچوں کی موت طبی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے اور محکمہ صحت ان کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہے۔