عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//لوک سبھا انتخابات 2024کے آخری مرحلے کیلئے چناوی مہم جمعرات کو اختتام پذیر ہوئی۔ووٹنگ سنیچر کو ہوگی جس کیساتھ انتخابات کے سبھی 7مرحلے اختتام کو پہنچیں گے۔یکم جون کو ہونے والی پولنگ کے دوران 57نشستوں کا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔آخری مرحلے میں یکم جون کو اتر پردیش، بہار، ہماچل، پنجاب، اڈیشہ،مغربی بنگال،جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔لوک سبھا کی سبھی نشستوں کو گنتی کا عمل 4جون کو ہوگا۔ادھروزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو پنجاب کے ہوشیار پور میں ایک ریلی کے ساتھ اپنی طوفانی لوک سبھا انتخابی مہم کا اختتام کیا ۔الیکشن کمیشن نے 16 مارچ کو انتخابی شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد سے مودی نے کل 206 عوامی رابطہ پروگراموںمیں شرکت کی، جن میں ریلیاں اور روڈ شو شامل ہیں۔وزیر اعظم نے 2019 کے انتخابات کے دوران اپنی تقریباً 145 عوامی مصروفیات کے پروگراموں کو بڑے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔ اس بار انتخابی مہم کا دورانیہ 76 دن کا تھا جبکہ پانچ سال پہلے ہونے والے انتخابات میں یہ 68 دن تھا۔وزیراعظم نے مجموعی طور پر 80 میڈیا انٹرویوز بھی دیے، جو کہ انتخابات شروع ہونے کے بعد سے روزانہ اوسطاً ایک سے زیادہ ہیں۔