اشرف چراغ+خالد جاوید
کپوارہ +کولگام//سرحدی ضلع کپواڑہ اور دمحال ہانجی پورہ کولگام میں 2خونریز معرکہ آرائی کے دوران ایک پاکستانی سمیت4ملی ٹینٹ مارے گئے ۔ پولیس نے بتایا کہ کپوارہ کے چندی گام لولاب علاقے میںایک گرفتار ملی ٹینٹ شوکت احمد شیخ ساکن لولاب کی نشاندہی پر پولیس اور 28آر آر نے اتوار کے روز چندی گام میںایک ہائیڈ آوٹ کی تلاشی لینی چاہی تو اس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک پاکستانی ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ گرفتار ملی ٹینٹ بھی محصور ہوگیا جسے نشاندہی کرنے کیلئے لیا گیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ اب تک دو جنگجو مارے گئے ہیں باقی کمین گاہ میں ہی محصور ہے۔آئی جی کشمیر وجے کمار نے ٹویٹ کے ذریعے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کپواڑہ میں تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ ایک پاکستانی جنگجو مارا گیا، بعد ازاں مزید ایک جنگجو ہلاک ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مزید دو ملی ٹینٹ محصور ہیںجن کیخلاف آپریشن جاری ہے۔
کولگام
کولگام میں سیکورٹی فورسز و ملی ٹینٹوںکے مابین مسلح تصادم میں جیش کے دو ملی ٹینٹ جاں بحق ہوئے ۔پولیس نے بتایا کہ کولگام کے دمحال ہانجی پورہ علاقے میں گوجر پورہ نامی جنگلاتی علاقے میںملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد محاصرہ کیا گیا اور اسکے لئے 9آر آر اور 18بٹالین سی آر پی ایف کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔پولیس نے کہا کہ 3بجے محاصرہ کرنے کے بعد جونہی تلاشی کارروائی کا آغاز کیا گیا تو جنگلاتی علاقے یہاں موجود ملی ٹینٹوں نے 3بجکر 40منٹ پر محاصرہ توڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی جس میں وہ ناکام ہوئے اور فائرنگ کے ابتدائی تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ کی موت واقع ہوئی۔پولیس نے کہا کہ محاصرہ تنگ کیا گیا اور تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا جس کے دوران طرفین کے درمیان فائرنگ کا ایک اور تبادلہ ہوا جس میں مزید ایک ملی ٹینٹ مارا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگلاتی علاقے میں مزید ملی ٹینٹوں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اس لیے تلاشی کارروائی جاری ہے۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت ذاکر پڈر ساکن کولگام اور حارث ساکن سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔ لیکن پولیس کی جانب سے اسکی کوئی تصدیق اور نہ ملی ٹینٹوں کی کوئی شناخت ظاہر کی گئی ہے۔
جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر آپریشن جاری رہیں گے: پولیس
نیوز ڈیسک
سرینگر //انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر وجے کمار نے اتوار کو کہا کہ ملی ٹینٹ وادی میں امن قائم کرنے کی ہماری کوششوں کو نہیں روک سکتے اور کہا کہ جنوبی، وسطی اور شمالی کشمیر میں بیک وقت آپریشن جاری رہیں گے۔آئی جی پی کشمیر کا حوالہ دیتے ہوئے، کشمیر پولیس زون نے ٹویٹر پر لکھا، “خواتین اور بچوں، غیر مسلح پولیس اہلکاروں اور باہر کے مزدوروں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر، دہشت گرد وادی میں امن قائم کرنے کی ہماری کوششوں کو نہیں روک سکتے،ہماری انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیاں تمام 3 علاقوں میں خاص طور پر غیر ملکی عسکریت پسندوں کے خلاف ایک ساتھ جاری رہیں گی۔