لولاب اور اوڑی میں آتشزدگی | مکان اوردارلعلوم خاکستر،کتب خانہ کی3500کتابیں راکھ

اشرف چراغ +فیاض بخاری

 

کپوارہ//شمالی کشمیر میں آگ کی الگ الگ وارداتوں میں دارالعلوم اور ایک مکان خاکسترہوئے۔ لولاب وادی کے صحت افزاء مقام چنڈی گام میں قائم ایک تاریخی دارلعلوم خیر الدارین ہفتہ کو آگ کی تباہ کن واردات میں خاکستر ہوا ،جس میں ایک کتب خانہ میں قریب 3500اسلامی کتابیں جل کر راکھ ہو گئیں ۔ ہفتہ کی صبح چنڈی گام میں قائم دارلعلوم خیر الدارین کی عمارت کی بالائی منزل میں آگ نمو دار ہوئی جس نے آناًفاناً ساری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔آگ لگنے کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمر جنسی کی گا ڑی وہا ں پہنچ گئیں اور بچائو کاروائی شروع کی، جبکہ مقامی لوگو ں نے بھی آگ بجھانے کے کام میں بھر پور حصہ لیا تاہم آگ کے شعلو ں نے پہلے ہی عمارت کے رہائشی کوارٹر اور کتب خانہ کو خاکستر کر ڈالا، جس میں مدرسے کی بڑی املاک کو نقصان پہنچا ۔مذکورہ دارلعلوم کی 90ویں کی دہائی میں داغ بیل ڈالی گئی تھی ۔

 

نامبلہ اوڑی میں ہفتہ کو بعد دوپہر آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک رہائشی مکان مکمل طور خاکستر ہوگیا، جس میں لاکھو ں رو پیہ مالیت کا ساز و سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو ا، جبکہ مکان میں رہ رہے افراد خانہ کھلے آسمان تلے کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے ۔ غلام قادر لون نامی شہری کے رہائشی ڈھانچے سے اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً پورے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ فائر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اہلکاروں نے پولیس و عام لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پا کر دیگر مکانوں تک آگ کے پھیلنے کوروکا۔پولیس نے اس سلسلے میں مذید تحقیقات شروع کر دی۔