عشرت حسین بٹ
منڈی//سرکار جہاں گھر گھر نل اور بجلی پہنچانے کے دعوے کر رہی ہے وہیں پر اس ترقی یافتہ دور میں ضلع پونچھ کے بلاک لورن کے کھوڑی والا علاقہ میں اپنی زندگی بسر کر رہے 7ایسے کنبے بھی ہیں جو کہ گزشتہ کئی برسوں سے علاقہ میں پانی اور بجلی کی سپلائی کے منتظر ہیں ۔تحصیل منڈی کے کھوڑی والا لورن علاقہ کے مکینوں کو بجلی اور پانی نہ ہونے کی وجہ سے اس ترقی یافتہ دور میں کافی مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ کھوڑی والا لورن علاقہ سے تعلق رکھنے والے بشیر احمد نامی شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ان کے علاقہ میں محکمہ بجلی کی جانب سے نہ ہی بجلی کے کھمبے نصب کئے گئے ہیں اور نہ ہی محکمہ جل شکتی کی جانب سے پانی کی پائپ لائنیں بچھائی گئی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں پانی لینے کے لئے قدرتی چشموں پر جانا پڑتا ہے جبکہ روشنی کے لئے سولر لائٹس کا سہارا لینا پڑتا ہے۔ بشیر کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ انہوں نے پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے حوالے سے تمام سیاسی لیڈران اور انتظامیہ کے لوگوں کو جانکاری فراہم کی مگر آج تک نہ ہی کسی سیاسی لیڈر اور نہ ہی کسی سرکاری ملازم نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چہ ان کے علاقہ میں سرکار کی جانب سے عوام کے لئے بہتر سڑک سہولیت فراہم کی ہیں لیکن دیگر بنیادی ضروریات والی اشیاء کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیاگیا ہے ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ علاقہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔
لورن کھوڑی والا علاقہ کے7کنبے بجلی و پانی سپلائی سے محروم
