حسین محتشم
پونچھ//تحصیل منڈی کے لورن کے بٹل کوٹ میں معروف زیارت گاہ حضرت سائیں الٰہی بخش کو جانے والی سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔لورن کے صدر مقام سے چند کلو میٹر دور زیارت گاہ پر جانے والی اہم سڑک مختلف مقامات پر انتہائی خستہ ہو چکی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع پانی مقامی باشندوں، راہگیروں اور زائرین کے لیے تکلیف دہ ہے۔ بتا دیں کہ ضلع کے مختلف علاقوں سمیت دیگر اضلاع سے بھی سینکڑوں زائرین روزانہ زیارت شریف کا رخ کرتے ہیں تاہم خستہ حال سڑک کے باعث زائرین کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔لورن کے مقامی نوجوان غلام محمد بٹ کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی کی شکار ہے جس کی تعمیر و مرمت کے لیے انتظامیہ ٹھوس اقدامات نہیں اٹھا رہی۔انہوں نے کہا کہ چند روز بعد وہاں تین روزہ عرس منعقد ہونے جارہا ہے جس پر ملک بھر سے ذائرین تشریف فرما ہونگے۔ انہوں نے انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات سے خستہ حال سڑک کی مرمت کیے جانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرس کی آمد آمد ہے ابھی تک وہاں مرمت کا کا شروع نہیں کیا گیا۔انہوں نے خستہ حال سڑک کی فوری طور مرمت اور میگڈمائزیشن کا مطالبہ کیا تاکہ زیارت شریف پر آنے والے ہزاروں زائرین کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔