جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ کی پنچایت لوئر کسبلاڑی کے لوگوں نے سڑک کی خستہ حالت اور تعمیر میں ناقص میٹریل کے استعمال کے خلاف محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔احتجاج کرنے والے عوام کا کہنا تھا کہ لوئر کسبلاڑی سے محلہ جھنڈا والا دھڑا کی طرف جانے والی سڑک پر کلوٹ کے کام میں ناقص اور غیر معیاری میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تعمیراتی کام میں بڑے بڑے پتھر ڈال کر کلوٹ کا کام محض رسمی طور پر کیا جا رہا ہے، جو معیار کے مطابق نہیں ہے۔علاقے کے لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کے ناقص کام کی وجہ سے عوام پہلے ہی کئی مشکلات کا شکار ہیں، اور جو کام کیا جا رہا ہے وہ بھی مزید مسائل پیدا کر رہا ہے۔ مظاہرین نے محکمہ کے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ناقص میٹریل کے استعمال کے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران پر ہوگی۔علاقے کے عوام نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سڑک کی تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کریں اور ناقص میٹریل کے استعمال میں ملوث افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی یقینی بنائیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ سڑک کے ناقص معیار نے ان کی زندگی کو مزید دشوار بنا دیا ہے، اور اگر فوری طور پر اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو عوام احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔