کپوارہ//شمالی کشمیر کے لنگیٹ ہندوارہ میں سیکورٹی فورسز کیساتھ گولیوں کے تبادلے میں ایک ملی ٹینٹ کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جبکہ اسکے ساتھی کی تلاش جاری ہے، وہ واقعہ کے بعد فرار ہو ا۔فوج نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز بعد دوپہر داند کدل لنگیٹ میں 30آر آر کی ایک پارٹی جارہی تھی جس کے دوران گھات میں بیٹھے ملی ٹینٹوں نے فوجی پارٹی کو نشانہ بنایا۔ اس موقعہ پر طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا اور بعد میں خاموشی چھا گئی۔ طرفین کے درمیان فائرنگ کے دوران ہی فوجی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا اور اس دوران ایک ملی ٹینٹ زخمی ہوا جس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوا۔ ایک بجکر 40منٹ پر پیش آئے واقعہ میں زخمی ملی ٹینٹ کو گرفتار کیا گیا اور اسی زخمی حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔بعد میں اسکی شناخت آزاد گنج بارہ مولہ کے ابرار حسن گوجری ولد غلام حسن گوجر ی کے بطور ہوئی ۔اس موقعہ پر اسکا ایک ساتھی فرار ہوا جسے پکڑنے کیلئے 21آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کی خدمات بھی حاصل کی گئی اور پورے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔لیکن فرار ملی ٹینٹ کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابرار پہلے سے ہی پتھرائو کے کئی واقعات میں ملو ث تھا اور اس کے خلاف پتھر بازی کے دو کیس بھی درج ہیں۔پولیس مزید کہنا ہے کہ ملی ٹینٹوں کے صفو ں میں شامل ہونے سے قبل وہ بطور بالائی ورکر کام کرتا تھا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ علاقہ میں چھپے جنگجوئو ں کے خلاف بڑے پیمانے پر تلاشی کاروائی شروع کی گئی جو شام دیر تک جاری تھی۔