سرینگر// صدر اسپتال سے لشکرجنگجو کے فرار ہونے کی تحقیقات قومی تفتیشی ایجنسی این آئی اے نے شروع کردی ہے اور پہلے مرحلے میں 5گرفتارملزمان کو 2 روزہ پوچھ تاچھ کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔این آئی اے کے انسپکٹرجنرل آلوک متل نے کہاہے کہ پانچوں ملزمان کوجمعہ کے روزجموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کرکے اُنکاپولیس ریمانڈحاصل کیا جائیگا۔ خیال رہے لشکر جنگجونویدجاٹ 6 فروری کوصدراسپتال سے اُسوقت فرار ہونے میں کامیاب ہواتھاجب اُسے یہاں کچھ دیگرقیدیوں کیساتھ طبی معائنے کیلئے لایاگیاتھا۔اس دوران نامعلوم اسلحہ برداروں نے اسپتال احاطہ میں فائرنگ کردی ،جسکے نتیجے میں 2پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ این آئی اے نے واقعے میں مبینہ طورپرملوث5ملزمان کواپنی تحویل میں لے لیا۔معلوم ہواکہ این آئی اے نے پانچوں گرفتارشدگان بشمول شکیل احمدبٹ،ٹکہ خان ،سیدتجمل الاسلام ،محمدشفیع وانی اورجان محمدگنائی ساکنان ضلع پلوامہ کی حوالگی کے سلسلے میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ سری نگرکی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے عدالت سے یہ استدعاکی کہ ریاستی پولیس کی جانب سے نویدجاٹ کے فرارہونے کے واقعے کے سلسلے میں گرفتارکئے گئے ملزمان کوپوچھ تاچھ کیلئے اسکی تحویل میں دیاجائے۔ عدالت نے این آئی اے کی جانب سے دائرعرضی یادرخواست کومنظورکرتے ہوئے پانچوں گرفتارملزمان کو2روزہ پوچھ تاچھ کیلئے این آئی اے کی تحویل میں دے دیا۔معلوم ہواکہ قومی تفتیشی ایجنسی نے پانچوں گرفتارملزمان کیخلاف ایف آئی آرزیرنمبر5/2018/NIA/DlIکے تحت کیس درج کیاہے ۔