منوج سنہا کی نوجوانوں سے لسانی اختلافات سے بالاتر ہو کرکام کرنے کی تلقین
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا کہ امن و استحکام، اتحاد کے جذبے، مشترکہ مقاصد اور مضبوط اِجتماعی شناخت کے ساتھ ہندوستان مضبوط ترقی حاصل کرے گا۔اُنہو ں اِن باتوں کا اِظہار کل نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر اور بھارتیہ بھاشا سمیتی کے زیر اہتمام ’بھارتی زبانوں میں مربوط کاری‘کے موضوع پر ایک منعقدہ قومی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کا زبانی تنوع اس کی طاقت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ سینکڑوں زبانوں اور بولیوں نے ایک مربوط معاشرے کی تعمیر میں مدد کی ہے جو تبدیلی اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔ اُنہوں نے کہا ،’’متنوع پس منظر، زبانوں، بولیوں اور خیالات کے باوجود ایک مشترکہ قومی شناخت اور شعور ہمیں متحد کرتا ہے۔ ہمیں ’کثرت میں وحدت‘ کی طاقت کو قوم کی تعمیر کے لئے بروئے کار لانا چاہیے۔ ہماری کوشش یہ ہونی چاہیے کہ ہندی ایک لازمی پُل کے طور پر کام کرے جو مختلف لسانی پس منظر کے لوگوں کو جوڑتی ہے، دوسری زبانیں سیکھنے کی ترغیب دیتی ہے، باہمی تعاون اور معاشی انضمام کو فروغ دیتی ہے۔‘‘اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ لسانی اِختلافات سے بالاتر ہو کر قوم کو متحد کریں تاکہ ہندوستان کو ’وِکست بھارت‘میں بدلا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے متنوع زبانوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے والے ادیبوں، مصنفین، سکالروں اور محققین کو اعزازات سے نوازا۔تقریب میں قومی سیکرٹری شکھشا سنسکرت اتھن نیاس اتل بھائی کوٹھاری،ڈائریکٹر نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر پروفیسر بنودکمار کنوجیا،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر جی وِی سندیپ چکرورتی ، شکھشا اتھن نیاس کے اَرکان ، معروف ادبی شخصیات ، سکالرز، اساتذہ اور طلبأ موجود تھے۔