عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے لدھیانہ میں ایک سڑک حادثے میں ایک کشمیری طالب علم کی المناک موت اور دو دیگر کے شدید زخمی ہونے کے بعد حکومت سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے قومی کنوینر ناصر کھیوہامی نے بتایا کہ پٹن، بارہمولہ کا رہنے والا مدثر احمد، جس موٹر سائیکل پر سوار تھا، اس کے ساتھ بانڈی پورہ کے زاہد احمد اور بٹنگو، سوپور کے مومن احمد، ایک سوئفٹ کار سے ٹکرائے۔اس حادثے میں کے بعد ’تینوں طالب علموں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال لے جایا گیا۔ بدقسمتی سے مدثر احمد کو مردہ قرار دے دیا گیا، جب کہ زاہد اور مومن کی حالت تشویشناک ہے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ مدثر کی لاش کو دیانند میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال لدھیانہ کے مردہ خانے میں رکھا گیا ہے اور انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری رسومات کے لیے ان کی جسد خاکی کو ان کے آبائی شہر پہنچانے کو یقینی بنائیں۔کھوہامی نے کہا، ’’اس سانحہ نے خاندان کے لیے ناقابلِ تصور مایوسی کو جنم دیا ہے۔ ہم دونوں حکومتوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ غمزدہ خاندان کو ہر ممکن مدد فراہم کریں اور شدید زخمی طالب علموں کے لیے فوری طور پر خصوصی طبی دیکھ بھال کو یقینی بنائیں‘‘۔انہوں نے مزید بتایا کہ جے کے ایس اے نے یہ معاملہ پہلے ہی پنجاب کے وزیر اعلیٰ آفس کے ساتھ اٹھایا ہے تاکہ متوفی کی لاش کو لے جانے کے انتظامات کو تیز کیا جائے اور زخمی طلباء کو جدید طبی امداد فراہم کی جائے۔