سرینگر// ریاستی کانگریس صدر غلام احمد میر نے دعویٰ کیا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی ریاست میں واحد اکثریتی پارٹی بن کر ابھرے گی ۔ کانگریس کی طرف سے راجستھان،چھتیس گڑھ اور مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوران فتح کو حوصلہ کن قرار دیتے ہوئے میر نے کہا کہ انکی جماعت کو امید ہے کہ جموں کشمیر میں بھی آئندہ اسمبلی انتخابات کے دوران پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا’’ اسمبلی کو پہلے ہی تحلیل کیا گیا ہے،اور اپریل میں انتخابات کی تیاریاں بھی شروع ہونگی،اور ہمیں امید ہے کہ کانگریس ان انتخابات کے دوران جموں کشمیر میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ3ریاستوں میں کانگریس کی کامیابی کا اثر جموں کشمیر میںبھی پڑے گا،جبکہ ریاست میں عام آدمی کی ان انتخابات پر گہری نظر تھی۔ انہوں نے الزم عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھاجپا اور وزیر اعظم ہند نریندر مودی ملک کو’’نفرت کی سیاست‘‘ سے تقسیم کر رہے تھے۔جب ان سے ریاست میں دیگر جماعتوں کے ساتھ اتحاد کر کے الیکشن میں حصہ لینے پر سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فی الوقت آئندہ اسمبلی الیکشن کیلئے کانگریس تنہا ہی شرکت کرنے کیلئے تیاری کر رہی ہے۔ لداخ کو صوبے کا درجہ دینے پر سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے نیشنل کانفرنس،کانگریس اور پی ڈی پی کے یک سوچ اور احتجاج سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نے کہا کہ یہ معاملہ اس وقت اٹھایا گیا،جب وقت مو زوں نہیں تھا۔انہوں نے کہا’’ میری سوچ یہ ہے کہ لداخ کے لوگوں کا مطالبہ جائز ہے،اور اس پر اسمبلی میں پہلے بحث ہونی چاہے،اور اس کے بعد ہی کوئی فیصلہ لیا جانا چاہیے،تاہم اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے درمیان کوئی اتحاد نہیں ہے‘‘۔