سرینگر//لبریشن فرنٹ کے ایک وفد نے قدغنوں کے باوجودشوپیان پہنچ کر سوگواروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔موصولہ بیان کے مطابق پارٹی کے زونل صدر نور محمد کلوال کی ہدایت پرزونل نائب صدر محمد یاسین بٹ، ظہور احمد بٹ، محمد الطاف رینہ اور شبیر احمد پر مشتمل ایک وفد نے شوپیاں میں زبیر احمد ترے،اشفاق مجید، ناظم نذیر ڈار، عادل احمد ٹھوکر،عبید شفیع ملہ،رئیس احمد، مشتاق احمد کھانڈے، عماد احمد ،سمیر احمد ، غیاث الاسلام اور محمد اقبال بٹ کے لواحقین سے تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔تعزیتی مجالس کے دوران وفد نے جاں بحق ہوئے ان جوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا دعا کی کہ اللہ ان کی قربانیاں قبول فرمائے اورزخمیوںکو شفا بخشے۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ایک وفد نے شوپیان پہنچ کر غمزدہ کنبوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انجینئر فاروق کی قیادت میں وفد نے جاں بحق ہوئے جوانوںکے لواحقین کو یقین دلایا کہ اُن کے لخت جگروں کی قربانیوں کی ہر صورت میں حفاظت کی جائے گی۔وفد نے شوپیان، ترنز، سفنگری، پنجورہ،ناگہ بل، سوگن،وورپورہ اور دیگر مقامات پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی سے کم کسی بھی بات پر راضی نہیں ہونگے۔ وفد نے اس بات کو لیکر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا کہ نئی دلی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں انجام دے رہی ہے لیکن عالمی برادری بھارت کی طرف محض اپنے اقتصادی فوائد کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔وفد نے عالمی برادری کی خاموشی کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک بین الاقوامی برادری سیاسی مسائل کو اقتصادی نظر سے دیکھنے کا رویہ ترک نہیں کرے گی اور انسانیت کی عینک لگاکر کشمیر جیسے مسائل کی طرف توجہ مرکوز نہیں کرے گی تب تک انسانی خون کے زیاں کا سلسلہ یوں ہی جاری رہے گا بلکہ اس کا دائرہ وسیع ہونے کے بھی امکانات موجود ہیں۔