کنگن//لال پتی گنڈ کنگن میں پاور کنال سے پانی اخراج ہونے کی وجہ سے مقامی بستی میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق 23مارچ 2014 میں بھی کلو محلہ نیو کالونی گنڈ میں دوران شب پاور کنال میں ایک بھاری پتھر گرآیا اور پورا پانی رہائشی مکان کے اندر داخل ہوگیا جس کی وجہ سے دو مکان مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے اور کئی مکانوں کو جزوی نقصان بھی پہنچا تھا۔ لوگوں نے اُس وقت بھی پاور کنال کی مرمت اور فینسنگ کا مطالبہ کیا تھا لیکن آج تک اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سال 2011 میں اگرچہ پاور کنال کی مرمت 12کروڑروپے کی لاگت سے کی گئی تھی مگر لوگوں نے غیرمعیاری مواد استعمال کرنے کا الزام کیا تھا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہی وجہ ہے کہ آج بھی کنال میں کئی جگہوں سے پانی کا اخراج ہورہا ہے۔ مقامی لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگرپاور کنال کی جلد مرمت نہیں کی گئی تو کوئی بھی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاور کنال گنڈ علاقے میں بستی کے اوپر سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تین سال سے پاور کنال کی مرمت کیلئے متعلقہ افسران سے درخواست کی گئی لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پاور کنال کی مرمت کے لئے فوری طور اقدامات کئے جائیں۔