جموں //پرنسپل سیشن جج کٹھوعہ نے جمعہ کے روز چودھری لال سنگھ کے بھائی راجندر سنگھ عرف ببی کی ضمانتی عرضی مسترد کر دی ،اس نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے خلاف ہیرا نگر میں نکالی گئی ایک ریلی کے دوران ناشائستہ زبان کا استعمال کیا تھا۔ کٹھوعہ پولیس کی جانب سے اشتہاری ملزم قرار دئیے جانے کے بعد اس کے وکیل نے ضلع عدالت میں ضمانت کیلئے29مئی کو عرضی دائر کی تھی جسے آج سماعت کے لئے لیا گیا ۔وکیل صفائی کے بی مہاجن کا کہنا تھا کہ اس کا موکل کواپریٹو مارکٹنگ سوسائٹی کا چیئر مین ہونے کے علاوہ ایک جانی مانی سیاسی شخصیت ہے اور بی جے پی ایم ایل اے کا بڑا بھائی ہونے کی وجہ سے اس کے خلاف یہ ایف آئی آر سیاسی رقابت کی بنا پر درج کی گئی ہے تا کہ اس کے بھائی کی شبیہہ خراب کی جا سکے۔ وکیل نے معزز عدالت سے درخواست کی کہ اس کے موکل کو کسی بھی شرط پر ضمانت دے دی جائے ۔اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملزم کی زیر حراست پوچھ گچھ کی کوئی ضرورت نہیں ہے نہ اس سے کوئی چیز برآمد کرنی ہے اس لئے اسے ضمانت دینے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہئے ۔ پبلک پراسیکوٹر بی بی شرما نے ضمانتی عرضی کی یہ کہتے ہوئے مخالفت کی ملزم کی زیر حراست پوچھ گچھ لازم ہے تا کہ ویڈیو بنانے والے شخص کے بارے میں پتہ لگا یا جا سکے کیوں کہ یہ ویڈیو جان بوجھ کر بنائی گئی اور سوشل میڈیا پر وائر کی گئی تھی۔ اس کے علاوہ ملزم نے ہائی کورٹ میں بھی ایف آئی آر درج کرنے کے لئے عرضی دائر کر رکھی ہے اس لئے ضمانتی عرضی کا کوئی مطلب نہیں ہے ۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فاضل جج نے ضمانتی عرضی مسترد کر دی۔