نئی دہلی// بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو کی سنگاپور میں گردے کی پیوند کاری ہوگی۔ ان کی بیٹی روہنی آچاریہ لالو کو گردہ عطیہ کریں گی۔ لالو یادو اس وقت دہلی میں ہیں اور جلد ہی سنگاپور روانہ ہونے والے ہیں۔ ان کی گردے کی پیوندکاری (ٹرانسپلانٹ) اسی مہینے انجام دی جائے گی۔ خیال رہے کہ ڈاکٹروں سے چیک اپ کروانے کے بعد لالو یادو گزشتہ مہینے سنگاپور سے وطن لوٹ آئے تھے۔میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سنگاپور کے ڈاکٹروں نے لالو یادو کے گردے کی پیوند کاری کی اجازت دے دی ہے۔ لالو کی بیٹی روہنی اچاریہ انہیں گردہ عطیہ کریں گی۔ روہنی اپنے شوہر کے ساتھ سنگاپور میں رہتی ہیں۔
پچھلے مہینے جب لالو یادو ڈاکٹر سے ملنے سنگاپور گئے تھے تو وہ روہنی کے گھر ٹھہرے تھے۔آر جے ڈی سپریمو گردے اور دل کی بیماریوں سمیت کئی دیگر امراض میں مبتلا ہیں۔ وہ طویل عرصے سے دہلی ایمس میں زیر علاج تھے۔ وہاں کے ڈاکٹروں نے گردے کی پیوند کاری کو ضروری قرار دیتے ہوئے سنگاپور میں علاج کروانے کا مشورہ دیا۔ اس کے بعد لالو یادو اکتوبر میں سنگاپور گئے اور وہاں کے ڈاکٹروں سے چیک اپ کرایا۔بتایا جا رہا ہے کہ تمام جانچ رپورٹوں کی بنیاد پر ڈاکٹروں نے لالو کے گردے کی پیوند کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ لالو 24 نومبر سے پہلے سنگاپور پہنچ جائیں گے۔ حال ہی میں ڈپٹی سی ایم تیجسوی یادو نے بھی کہا تھا کہ لالو یادو کا کڈنی ٹرانسپلانٹ نومبر میں ہونا ہے۔ روہنی اچاریہ اس وقت سنگاپور میں ہیں۔ جبکہ علاوہ لالو یادو اس وقت دہلی میں اپنی بڑی بیٹی میسا بھارتی کی رہائش گاہ پر آرام کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق لالو یادو پہلے اپنی بیٹی کا گردہ لینے کے لیے راضی نہیں ہوئے۔