یو این آئی
سرینگر// عمر کالونی لالبازار علاقے میں گیس بخاری(ہیٹنگ آلہ) زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں عمر رسیدہ خاتون زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی۔گیس سلنڈر دھماکہ میں رہائشی مکان کو بھی نقصان پہنچا تاہم فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔ عمر کالونی لین نمبر تین لالبازارمیں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان کے اندر زور دار دھماکہ ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے مکان سے آگ کے شعلے بلند ہوئے۔معلوم ہوا ہے کہ رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہونے کے ساتھ ہی آس پاس رہائش پذیر لوگوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا چنانچہ ٹیم فوری طورپر جائے موقع پر پہنچی اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔ گیس سلنڈر دھماکہ میں چار افراد شدید طورپر زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے معمر خاتون کو مردہ قرار دیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اتوار کے روز دوپہر ایک بجکر 56منٹ پر عمر کالونی لالبازار میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی تین فائر ٹینڈر جائے موقع پر پہنچے اور آگ پر قابوپایا۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران منکشف ہوا ہے کہ گیس بخاری سے گیس کے اخراج کی وجہ سے سلنڈ ر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس وجہ سے ایک ہی کنبے کے چارافراد زخمی ہوئے اور بعدازاں معمر خاتون ہسپتال میں جانبرنہ ہو سکی۔انہوں نے متوفی خاتون کی شناخت 70سالہ ختیجہ بانوکے بطور کی ہے جبکہ زخمیوں کی پہچان مریم یوسف زوجہ محمد یوسف،ماضیہ یوسف دختر محمدیوسف اور محمد یوسف کے بطور کی گئی۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔