عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
نیویارک //لاس اینجلس کے جنگل سے شہر تک پھیلنے والی آگ سے 60 لاکھ امریکیوں کو خطرے کا سامنا ہے، چند گھنٹوں بعد ہواؤں کے جھکڑ چلنے کی پیشگوئی نے ہلچل مچا دی، آگ لاس اینجلس سے باہر دیگر شہروں تک پھیلنے کی وارننگ جاری کردی گئی۔آگ پھیلنے کے بعد سے اب تک 25 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، اب سے چند گھنٹوں بعد تیز ہوائیں چلنے کے نتیجے میں 60 لاکھ امریکیوں کو ’شدید آگ‘ کے خطرات کا سامنا ہے، لاس اینجلس کے قریبی دیگر شہروں تک یہ آگ پھیل سکتی ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 10 شہروں کی انتظامیہ کے پاس لاس اینجلس سے زیادہ عملہ موجود ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی فائر ڈپارٹمنٹ ان عوامل کا مقابلہ کرنے کے قابل نہیں ہوگا جن کی وجہ سے آگ لگی۔جنوبی کیلیفورنیا کی تاریخ میں ایٹن اور پالیساڈس کی آگ بالترتیب سب سے زیادہ تباہ کن اور دوسری سب سے زیادہ تباہ کن جنگلاتی آگ ہے۔یو سی ایل اے کے ایک تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران لگنے والی آگ سیارے کو گرم کرنے والے فوسل ایندھن کی آلودگی کے بغیر دنیا کے مقابلے میں بڑی اور گرم تھی۔واضح رہے کہ ایک ہفتے سے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کے جنگل میں لگنے والی آگ پھیلنے کے نتیجے میں اب تک 12 ہزار گھر مکمل تباہ ہوچکے ہیں، جب کہ 150 ارب امریکی ڈالر کے مالی نقصان کا تخمینہ لگایا گیا ہے، ہزاروں امدادی کارکن اور جیلوں کے قیدیوں کو آگ بجھانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے، تاہم شہر کی تاریخ کی بد ترین آگ بجھنے کا نام نہیں لے رہی۔
محکمہ موسمیات اور ماہرین کے مطابق تیز ہوائیں آگ کی شدت کم نہیں ہونے دے رہیں، دو دن سے ہوائیں بند ہونے کی وجہ سے آگ کی شدت کم ہوگئی تھی، تاہم بدھ کو اب سے چند گھنٹے بعد لاس اینجلس کی آگ اب دوسرے قریبی شہروں تک پھیلنے کی پیشگوئی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل غیر ملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاس اینجلس اور وینٹورا کاؤنٹی کے زیادہ تر علاقوں میں منگل سے بدھ کی صبح تک 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔امریکی حکام نے ’ریڈ فلیگ وارننگ‘ کا اعلان کردیا تھا، جس کا مطلب یہ ہے کہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور پہلے سے لگی آگ میں مزید شدت آسکتی ہے۔لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ کے علاقوں سمیت ساحلی جنوبی کیلیفورنیا میں شدید سے انتہائی شدید موسمی حالات جاری رہیں گے ۔ یو ایس نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) کے مطابق درمیانی سے اور مقامی طور پر تیز سانتا انا ہواؤں کی وجہ سے لاس اینجلس اور وینٹورا کاؤنٹیز کے کچھ حصوں میں ‘‘خاص طور پر خطرناک حالات’’ منگل سے شروع ہوں گے اور بدھ تک جاری رہیں گے ۔ خطرناک ہواؤں سے پہلے فائر فائٹرز نے لاس اینجلس کاؤنٹی کے دو سب سے بڑے جنگلوں پیلیسیڈ اور ایٹن کی آگ پر رات بھر قابو پانا جاری رکھا۔افسران کو تشویش ہے کہ خشک ایندھن اور کم نمی کے ساتھ تیز ہواؤں کی وجہ سے جنوبی کیلیفورنیا میں نئی آگ لگ سکتی ہیں یا اس سے موجودہ آگ میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔بڑے پیمانے پر جنگل کی آگ نے 40,644 ایکڑ سے زیادہ اراضی کو جھلسا دیا ہے اور منگل تک 12,300 سے زیادہ انفرا اسٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے ۔کیلیفورنیا کے محکمہ جنگلات اور فائر پروٹیکشن کے مطابق، سب سے بڑی پیلیسیڈ آگ پر 17 فیصد قابو پالیا گیا تھا اور دوسری سب سے بڑی ایٹن آگ پر منگل کی صبح تک 34 فیصد قابو پالیا گیا ہے ۔
پیرو میں5افراد | جھلس کر ہلاک
عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
لیما// پیرو کے جنوبی علاقے اریکیپا میں لگی زبردست آگ میں تین بچوں سمیت کم از کم پانچ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔مقامی افسران نے بتایا کہ یہ آگ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے قریب صوبہ کمانا کے سیکوچا میں کارلوس پورٹوکیریرو ڈونگو بستی میں لگی۔ انہوں نے بتایا کہ کافی مشقت کے بعد صبح تک آگ پر قابو پالیا گیا۔ آگ نے 10 مکانات کو تباہ کر دیا اور 100 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ۔نجی نشریاتی ادارے ریڈیو پروگرامس ڈیل پیرو نے اریکیپا کے علاقائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے سربراہ جوز بیریزوٹا کے حوالے سے بتایا کہ اب تک پانچ اموات کی تصدیق ہو چکی ہے ۔نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق‘‘آگ میں زخمی ہونے والے دیگر ایک شخص کا مقامی اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے ۔’’لا ری پبلکا اخبار کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس سے گھریلو گیس کا ٹینک پھٹ گیا اور آگ تیزی سے پھیل گئی۔
اخبار نے اطلاع دی ہے کہ آگ کی زد میں کئی مکانات آئے ۔