لارمی نیشنل کانفرنس ضلع صدر کولگام منتخب

سرینگر//حکومت کشمیریوں کومحتاج بنانے کیلئے جس طرح سے ملازمین کوآئے روزبرطرف کررہی ہیں اُس کے خاطرخواہ نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ یہ ایک عوام کش پالیسی ہے اور اِسے فوری طور ترک کیاجاناچاہیے۔ان باتوں کااظہار نیشنل کانفرنس کی رہنماسکینہ ایتو نے کولگام میں تنظیمی چنائو کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سکینہ ایتو نے اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر سے متعلق 5اگست2019 کو جو فیصلے لئے وہ سرے سے ہی ناکام ثابت ہوئے ہیں اور دوسال سے زیادہ عرصہ گزر جانے کے باوجود بھی لوگ ان فیصلوں کو ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ وادی کے لوگوں نے روز اول سے ہی ان فیصلوں کو مسترد کیا ہے اور جس طرح سے لداخ اور جموں کی آبادی اس وقت سراپا احتجاج ہے وہ مرکزی حکومت کیلئے چشم کُشا ہونا چاہئے۔ نیشنل کانفرنس کے تنظیمی چنائو کے سلسلے میں کولگام ضلع کے صدر کا انتخاب پارٹی کے وسطی زون صدر حاجی علی محمد ڈار کی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ پارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ میر سیف اللہ اور انچارج الیکشن کشمیر غلام نبی بٹ نے الیکشن مبصرین کے فرائض انجام دیئے۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر ایڈوکیٹ عبدالمجید بٹ لارمی کو دوسری بار ضلع صدر منتخب کیا گیا۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈران سکینہ ایتو اور عمران نبی ڈار بھی موجود تھے۔