سوپور// اوڑی کے لچھی پورہ سرحد پر فوج کے ساتھ جھڑپ میں جاںبحق حزب المجاہدین کے سرکرہ کمانڈر عبدالقیوم نجار کو سوپور میں سپرد لحد کیا گیا اور2مرتبہ انکی نماز جنازہ ادا کی گئی،انکے آخری سفر میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔سوپور میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بندشیں عائد کی گئیں تھیں جبکہ قصبہ بارہمولہ میں ہڑتال رہی۔حکام نے ریل سروس کو مکمل اور موبائل سروس کو جزوی طور معطل کیا گیا۔ منگل کی شام9 بجے کے قریب قیوم نجار کی میت آ بائی گھر پہنچا ئی گئی۔بٹہ پورہ اور ممہ کاک سوپور میں مرد وزن اور بچے و بزرگ،ٹولیوں اور گروپوں میں انکے گھر آئے۔ہر سو رقعت آمیزمناظر دیکھنے کو مل رہے تھے اور نوجوان نعرہ بازی کررہے تھے۔ 11بجے انکی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں لوگ شریک ہوئے۔اس موقعہ پراسلام و آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی گئی۔ قیوم نجارکے جسد خاکی کو سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ دیا گیا تھا۔ قیوم نجار کی نماز جنازہ کریشون کالونی اور جامع مسجد کے احاطے میں دو مرتبہ ادا کی گئی اور بعد میں انہیں اسلام و آزادی کے حق میں نعروں کی گونج میں بٹہ پورہ ممہ کاک میں سپرد لحد کیا گیا۔ان کے نماز جنازہ میں کئی مزاحمتی لیڈروں اور حقوق انسانی کارکنوں نے شرکت کی۔ عبدالقیوم نجاز گزشتہ18برسوں سے عسکری محاذ پر متحرک تھا۔ادھرممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر سوپورکے حساس علاقوں میں حفاظت کے انتہائی سخت انتظامات کے تحت کرفیو جیسی پابندیاں عائد کی گئیں تھیں۔ جگہ جگہ ناکے بٹھائے گئے تھے اور بیشتر سڑکوں اور گلی کوچوں کو خاردار تاروں سے سیل کیا گیا تھا۔مین چوک، تحصیل روڑ، کورٹ روڑ، چھانہ کھن اور دیگر مقامات پر پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کو اہم سڑکوں ،چوراہوںاور شاہراہوں پر تعینات کیاگیا تھا۔اس کے علاوہ قصبے میں داخل ہونے والی سڑکوں پر بھی پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد رہی۔سوپور اور بارہمولہ اوران کے مضافات میں مکمل ہڑتال کے بیچ دکانیں ، کاروباری ادارے اور دفاتر وغیرہ بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج بری طرح سے متاثر رہا۔ انتظامیہ نے سوپور اور بارہمولہ میں تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔حکام نے بارہمولہ ضلع میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات رات بھر معطل رکھیں ۔تاہم یہ خدمات بدھ کی صبح10بجے بحال کی گئیں۔ ادھر بارہمولہ اور بانہال کے درمیان چلنے والی ریل سروس بھی احتیاط کے بطور معطل رکھی گئی۔