سرینگر//حریت (گ)، فریڈم پارٹی،اتحاد المسلمین ، نیشنل فرنٹ اور محاذ آزادی نے گذشتہ چند روز میں جاں بحق ہوئے نوجوانوں کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اُن کی مرہون منت ہے کیونکہ ان کی بے مثال قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے معرکہ کھڈونی میںجاں بحق ہوئے فرحین احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے ان ادھ کھلے پھولوں کی قربانیوں کو فراموش کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔ اپنے ایک بیان میںحریت رہنما نے فرحین کے جلوس جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگوں کی شرکت اوروالد کی طرف سے اپنے لخت جگر کی از خود نماز جنازہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی تحریکِ مزاحمت کے ساتھ جڑے رہنے کی تلقین کرنا ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ ’ہم سب ان عظیم قربانیوں کے امین اور وارث ہیں اور ہم پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم اپنے ان جوانوںکے مقبروں پر عیش وعشرت اور اقتدار کے محل خانے سجانے کی ہرگز اجازت نہ دیں ‘۔ ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی کے ایک وفد نے کھڈونی جاکر غمزدہ کنبے سے تعزیت پرسی کی۔ وفد کی سربراہی سینئرپارٹی لیڈر ایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگر کررہے تھے۔فرحین احمد دو روز قبل لارنو کوکر ناگ میں فورسز کے ساتھ ایک خونین جھڑپ کے دوران جاں بحق ہوئے۔ ایڈوکیٹ فیاض سوداگر نے کہا کہ پوری قوم ان جوانوں کی مرہون منت ہے کیونکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ فرحین احمد کا تذکرہ کرتے ہوئے ایڈوکیٹ فیاض نے بتایا کہ وہ ایک ہونہار نوجوان تھا جس نے قوم کے کل کیلئے اپنا سب کچھ نچھاور کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کی قربانیاں تحریک کا انمول اثاثہ ہےں جس کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فریضہ ہے۔اتحاد المسلمین نے فورسز کے ہاتھوں جاری قتل عام پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی نسل کشی کو آپریشن آل آوٹ کا نام دیا ہے جو انتہائی تشویشناک عمل ہے۔ایک بیان میں تنظیم کے سرپرست اعلیٰ اور سینئر حریت رہنما مولانا محمد عباس انصاری نے کہا کہ آئے روز کشمیریوں کو مختلف بہانوں کے ذریعے تہہ تیخ کرنا ظلم بھارت کا مشغلہ بن گیا ہے اور ریاستی حکمران کرسی کے نشے میں چور ہوکر کشمیری عوام پر ہورہے ظلم و تشدد اور قتل عام کا خاموشی سے تماشہ دیکھ رہے ہیں،جو جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ انصاری نے کھڈونی کولگام میں جاں بحق ہوئے مقامی عسکریت پسند اور عام شہری کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم کیلئے ان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔ نیشنل فرنٹ نے کھڈونی کولگام میں فورسز کے ہاتھوںجاں بحق کئے گئے نہتے طالب علم خالد احمد کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان جیسے قتل ناحق سے حالات مخدوش بنتے ہیں اور ہر قسم کے سیاسی عمل کی ناکامی یقینی بن جاتی ہے۔ پارٹی نے کوکر ناگ میںجاں بحق کئے گئے عسکریت پسند فرحین احمد کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ محازآزادی کے سرپرست اعلیٰ محمد اعظم انقلابی اور صدر سید الطاف اندرابی نے تشویش کا اظہار کیاہے کہ حکمران طبقہ کشمیرمیں ظلم و تشدد کی انتہاکررہا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز نے ہر طرف گولی اور لاٹھی سے ماردھاڑ اور قتل و غارت کا بازار گرم رکھا ہے جبکہ اسکے برعکس نہتے کشمیری جمہوری اورسیاسی انداز میں تحریکی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے برصغیر کو تباہی سے بچانے اور ترقی کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن اورقابل قبول حل لازمی قرار دیا۔