نئی دہلی// (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے ۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ممتاز ہندوستانی ہاکی کھلاڑی میجردھیان چند کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت بھی پیش کیاہے ۔وزیراعظم نے ایک ٹوئیٹ میں کہا:‘‘کھیلوں کے قومی دن کے موقع پر میں مبارکباد پیش کرتاہوں اور میجردھیان چند جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتاہوں ۔ حالیہ کچھ سال کھیلوں کے لئے بہت اہم رہے ہیں ۔ میں امید کرتاہوں کہ یہ تسلسل جاری رہے ۔امید کرتاہوں کہ ملک بھرمیں کھیلوں کو اسی طرح مقبولیت حاصل ہوتی رہے گی ۔ ’’ادھرہندوستانی مردوں کی ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ اور خواتین ٹیم کی کپتان سویتا نے پیر کو ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کو ان کی یوم پیدائش پر یاد کیا اور قوم کو قومی یوم کھیل کی مبارکباد دی۔قوم کو کھیلوں کے دن کی بہت بہت مبارکباد دیتے ہوئے ، منپریت نے کہا، “قومی کھیلوں کا دن ایک صحت مند زندگی گزارنے کی اہمیت کو یاد دلانے کا ایک شاندار موقع ہے ۔ عالمی سطح پر مختلف شعبوں میں کامیابیاں بچوں کو ایک فعال طرز زندگی اپنانے اور مسابقتی کھیلوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتی ہیں۔ ,انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں کھیلوں کے اچھے کلچر کو پروان چڑھانا چاہیے ۔ مجھے لگتا ہے کہ کھیلو انڈیا یوتھ گیمز جیسے باقاعدہ ایونٹس کے ساتھ ہم صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ,برمنگھم 2022 دولت مشترکہ کھیلوں میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے ہندوستانی کھلاڑی اب ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ 2022-23 کے آئندہ سیزن کی تیاری شروع کریں گے ، جس میں ہندوستان اکتوبر اور نومبر میں اپنے گھریلو میچوں کا پہلا مرحلہ کھیلے گا۔