راجوری//جموں و کشمیر پولیس نے نوشہرہ سب ڈویژن میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کی عمارت پر لہرائے گئے قومی پرچم کی بے حرمتی کے معاملے پر کام کیا ہے اور اس فعل میں ملوث شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ایس ڈی پی او نوشہرہ توصیف ریشو اور ایس ایچ او راجیش جسروٹیہ کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ امیت ورما نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 27/04/22 کو رات تقریباً 8 بجے پی ایس نوشہرہ میں قابل اعتماد ذرائع سے اطلاع ملی کہ سب ڈسٹر کٹ ہسپتال کی چھت پر آدھا جلا ہوا قومی پرچم پڑا ہوا ہے۔اس پر پولیس پارٹی نے موقع پر پہنچ کر جائے وقوعہ کو محفوظ بنایا اور اس پر ایف آئی آر نمبر 68/2022کے تحت معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ۔عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر حالاتی شواہد کے مطابق تفتیش کے دوران یہ پتہ چلا ہے کہ کوشل کمار ولد رمیش چندر سکنہ وارڈ 07، نوشہرہ، عمر-45 سال مذکورہ کیس میں ملوث ہے۔اس کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو گرفتار کرلیا اور مجسٹریٹ کی موجودگی میں پوچھ تاچھ کے دوران اس نے اپنے مجرمانہ فعل کا اعتراف کرلیاتاہم اس کے اہل خانہ اور عوام الناس کی طرف سے یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ شخص کادماغی توازن برقرار نہیں ہے ۔ایڈیشنل ایس پی نے بتایا کہ اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔