ظفر اقبال
اوڑی// گزشتہ کچھ ہفتوں سے اوڑی میں قومی شاہراہ کی کشادگی کا کام جاری ہے اورملبہ حاجی پیر نالہ میں پھینکا جا رہا ہے۔گزشتہ کچھ ہفتوں سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے بارہمولہ سے اوڑی تک شاہراہ کی کشادگی پر کام ہورہا ہے لیکن لوگوں نے الزام لگایاکہ تعمیراتی کمپنی سارا ملبہ حاجی پیر نالہ میں ڈال رہی ہے جس سے اس اہم آبی ذخیرے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ نالہ میں مچھلیوں کو بھی خطرہ ہے اور پانی بھی آلودہ ہو رہا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر جگہ جگہ کشادگی کا کام زوروشور سے جاری ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کام کے دوران سڑک پر پانی بھی نہیں چھڑکا جاتا ہے جس کے نتیجے میںدھول سے لوگوں کو چلنے پھرنے میں نہ صرف دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مختلف بیماریاں پھلنے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔لوگوں نے متعلقہ حکام سے اس سلسلے میں اقدامات کی اپیل کی ہے۔