خصوصی ٹرین کے ذریعے ضروری سامان آگے پہنچایا گیا: ڈاکٹر جتیندر سنگھ
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے پیر کو کہا کہ ادھم پور کے تیسرے اور بالی نالہ میں جموں سری نگر قومی شاہراہ کی بندش کو ختم کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ موسم صاف ہو گیا ہے اور این ایچ اے آئی حکام ہائی وے پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو بحال کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔امید ہے کہ دیر شام تک، ٹریفک کی نقل و حرکت کی اجازت دیناممکن ہو سکتا ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ادھم پور سے آگے سڑک رابطے کی عدم موجودگی میں ضروری سامان کی نقل و حمل کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایک نئی متعارف کردہ خصوصی مقامی مسافر ٹرین کٹرا اور رام بن سنگلدان کے درمیان چل رہی ہے، جو ضروری اشیاء کی نقل و حرکت کو یقینی بناتی ہے۔وزیر نے کہا’’اس کے بعد یہ ضروری چیزیں سڑک کے ذریعے ڈوڈہ اور کشتواڑ کے اضلاع میں بھی لے جائی جاسکتی ہیں‘‘۔ وزیر نے کہا، یہ یقین دلاتے ہوئے کہ شاہراہ پر معمول کی ٹریفک کو بحال کرنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلابی صورتحال نے جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں معمولات زندگی درہم و برہم کر دئے ۔سیلابی صورتحال کا زیادہ اثر جموں صوبے میں رہا جہاں کئی علاقوں کی رابطہ سڑکیں منقطع ہوئیں جس سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگرجموں قومی شاہراہ پر بھی گذشتہ کم وبیش دو ہفتوں سے ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہے ۔تاہم وادی کو جموں صوبے راجوری اور پونچھ اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور لداخ کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر لیہہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحمل جاری ہے ۔