محمد تسکین
بانہال// پانچ روز تک جاری رہنے والی وقفے وقفے کی بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد اتوار کی صبح سے مطلع صاف ہوگیااور کھلی کھلی دھوپ بھی نکل آئی ۔ اس دوران اگرچہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے تاہم کشتواڑ پتھر شیر بی بی سمیت کئی مقامات پر پتھروں کے گرنے کیوجہ سے ٹریفک کی روانی کچھ وقت متاثر رہی ۔ بارشوں کی وجہ سے ڈھلواس اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر قومی شاہراہ کی حالت ڈھلواس ، مہاڑ ، کیفٹریا موڑ ، کیلا موڑ ، بیٹری چشمہ اور شیر بی بی کے مقامات پر خراب ہے اور ٹریفک کی آمدورفت سست روی کا شکار رہتی ہے ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کے روز مسافر گاڑیوں نے شاہراہ پر دو طرفہ سفر کیا جبکہ مال بردار ٹرکوں اور ایندھن بردار ٹینکروں کو یکطرفہ ٹریفک میں جنوںثسے سرینگر کی طرف چلنے کی اجازت تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈھلواس ، مہاڑ اور شیر بی بی کے مقامات پر ٹریفک کی روانی سست رہی ۔ انہوں نے کہا کہ اتوار شام تک ہزاروں کی تعداد مسافر اور ماک گاڑیوں نے شاہراہ پر سفر کیا اور یہ سلسلہ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران شاہراہ پر واقع بانہال کے نزدیک ایک ٹینکر اوپر والی ٹیوب سے دوسری ٹیوب پر گر آیا تاہم اس میں سوار افراد بچ گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹینکر کو بعد میں کرینوں کی مدد سے واپس سڑک پر لایا گیا اور اس دوران کچھ کیلئے ایک ٹیوب کا ٹریفک اثر انداز رہا تاہم بعد میں معمول کا ٹریفک بحال کیا گیا ۔